عمران خان 2 رئیل اسٹیٹ سکینڈلز میں ملوث، ان کا اگلا ایجنڈا صرف وزیر اعظم بننا ہے: اکبر ایس بابر
اسلام آباد (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے بانی رکن اور عمران خان کے سابق ساتھی اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ عمران خان کا اگلا ایجنڈا صرف وزیر اعظم بننا ہے۔ یاد رہے عمران خان نے 2011ءمیں تنقید کرنے پر اکبر کے ساتھ اپنے رابطے ختم کر دیئے تھے، بعد میں اکبر نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان پر مشتمل ”فاونڈرز گروپ“ بنا لیا تھا۔ اکبر نے پی ٹی آئی پر بیرون ملک غیر قانونی فنڈز حاصل کرنے کا الزام لگا کر الیکشن کمشن میں کیس بھی دائر کیا تھا۔
"نوائے وقت کے مطابق" اکبر نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران کا اپنے آدمیوں پر کنٹرول نہیں اور وہ کھلے عام کرپشن کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے اندر رئیل سٹیٹ مافیا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا عمران خود تلہار ہاﺅسنگ سوسائٹی اور بنی گالہ ہاﺅسنگ سوسائٹی سکینڈلز کا حصہ ہیں۔ ان منصوبوں کے ارکان کو ملین روپے سے محروم کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے اندر کرپشن کی نشاندہی کی گئی لیکن عمران نے نظرانداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں تحریک انصاف کو مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اکبر نے کہا آئندہ الیکشن میں جب ٹکٹوں کی تقسیم ہو گی تو پارٹی کے اندر بڑی دراڑیں پڑیں گی۔