چودھری شجاعت حسین پاکستان مسلم لیگ کے پھر صدر منتخب ، مجلس عاملہ کے تمام اختیارات بھی تفویض

چودھری شجاعت حسین پاکستان مسلم لیگ کے پھر صدر منتخب ، مجلس عاملہ کے تمام ...
چودھری شجاعت حسین پاکستان مسلم لیگ کے پھر صدر منتخب ، مجلس عاملہ کے تمام اختیارات بھی تفویض

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چودھری شجاعت حسین کو پاکستان مسلم لیگ کی جنرل کونسل نے چار سال کیلئے پارٹی کا صدر منتخب کر لیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں چاروں صوبوں کے علاوہ فاٹا اور بیرون ملک سے جنرل کونسل کے ارکان نے شرکت کی ۔

اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا، محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیرالدین، نصیر مینگل، سردار عبدالرزاق، ڈاکٹر راج شاہین، میاں عمران مسعود، سید محمود ہاشمی، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، امتیاز رانجھا اور غلام مصطفی ملک نے قراردادیں پیش کیں جن کے تحت چودھری شجاعت حسین کو آئین کے آرٹیکل 52 کے تحت مجلس عاملہ کے تمام اختیارات دیے گئے، کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و جبر، کنٹرول لائن کی بھارتی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔ علاوہ ازیں کسانوں کی بدحالی دور، زرعی ٹیکس ختم اور بھارت سے تجارت بند کرنے کے حق میں بھی قراردادیں منظور کی گئیں۔ اجلاس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور فاٹا سے مسلم لیگ کے نومنتخب صدور و جنرل سیکرٹریوں نے بھی شرکت کی۔ ڈاکٹر خالد رانجھا نے چودھری شجاعت حسین کے کاغذات نامزدگی دائر کیے۔ چیئرمین الیکشن کمیشن کے فرائض سینیٹر کامل علی آغا جبکہ الیکشن کمیٹی میں مسز فرخ خان، نصیر خان مینگل، ظفر بختاوری اور سید محمود ہاشمی شامل تھے۔ اجلاس سے سینیٹر وسیم سجاد، سینیٹر ایس ایم ظفر، اجمل خان وزیر، جعفر خان مندوخیل، عبدالقدوس بزنجو، طارق حسن، ڈاکٹر خالد رانجھا، چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، انتخاب خان چمکنی، فرخ خان اور میر عبدالکریم نے بھی خطاب کیا۔اجلاس میں پارٹی صدر کا انتخاب تین سال کی بجائے چار سال کیلئے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید :

اسلام آباد -