چینی خاتون اول نے پاکستانی پرچم کے رنگوں والی شلوار قمیض زیب تن کی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) چینی خاتون اول پاکستان آئیں تو ہر جگہ پاکستانی لباس میں نظر آئیں۔ پاکستان سے محبت کا یہ انداز پاکستانی عوام کو خوب بھایا۔ ایک نیوز چینل کے مطابق چین کی خاتون اول نے سر سے پیر تک خود کو پاکستان کے رنگ میں رنگ کر یہ ثابت کیا کہ جذبے سچے ہیں اور جذبوں میں خلوص ہے۔ پنگ لیان نے گائیکی سے اپنے عوام کو تو متاثر کیا ہی مگر دوسروں کو کیسے متاثر کیا جاتا ہے انہیں خوب آتا ہے۔ انہوں نے ہماری خواتین کی طرح روایتی شلوار قمیض زیب تن کرکے پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھا۔ ہلکی سبز اور سفید شلوار قمیض میں چینی خاتون اول نے پاک سرزمین سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ جب واپس جانے لگیں تو پاکستانی جھنڈے کے رنگ ان کے پیرہن میں نظر آئے۔ اس لباس سے پاکستان عوام کے دلوں میں تو ان کی محبت بڑھائی ہی ساتھ ہی دنیا کو یہ بھی پیغام دے دیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی واقعی ہمالیہ سے بھی بلند، سمندر سے بھی گہری اور شہد سے بھی میٹھی ہے۔