’مسلم لیگ ن کے ایک رہنما نے وزیراعظم کے سامنے کیپٹن صفدر کی تعریف کی توآگے سے نوازشریف نے۔۔۔ ‘ حیران کن دعویٰ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم پاکستان کے داماد کیپٹن صفدر کا تذکرہ عمومی طورپر میڈیا میں زیادہ نہیں ہوتا لیکن ایک رکن اسمبلی نے وزیراعظم سے سفارش کی کہ آپ کے داماد کیپٹن صفدر قابل انسان ہیں ، اگرفواد حسن فواد سے وزیراعظم ان کے تعلقات ٹھیک کرادیں تو بہت کچھ کام کرسکتے ہیں لیکن داد دینی چاہیے اس شخص کو جس نے یہ سوچ لیا کہ وزیراعظم سے زیادہ اُنہیں کیپٹن صفدر کے بارے میں معلوم ہے حالانکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر وزیراعظم کے داماد ہیں اور ان سے زیادہ کون انہیں جانتاہوگا، کہنے والے کہتے ہیں کہ رکن اسمبلی کی اس درخواست پر وزیراعظم خاموش ہی رہے اور خاموشی ہی بنتی تھی۔ یہ انکشاف سینئر صحافی رﺅوف کلاسرا نے 92نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
رﺅوف کلاسرا کاکہناتھاکہ عمومی طورپر اراکین اسمبلی ان کے پاس آکر روتے ہیں لیکن وزیراعظم کے منہ پر کچھ کہنے کی جرات نہیں ہوتی لیکن ان صاحب نے ہمت کی ۔ آج کل وزیراعظم اچانک پھر فعال ہوگئے ہیں ، اچھی بات ہے لیکن جتنی دفعہ وہ لندن گئے ہیں ، شاید اتنی دفعہ پارلیمنٹ تشریف نہیں لائے ،دباﺅ یقینا ہے ، روز خبریں آتی ہیں کہ وزیراعظم کے لیے فلاں نام بھی زیرغور ہے اور فلاں بھی لیکن میرا خیال ہے کہ زرداری کو کچھ بھی کہیں ، ان کا دل بڑا تھا اور ایک ملتانی اور ایک پوٹھوہاری کو وزیراعظم قبول کرلیا، میاں نوازشریف فیملی سے باہر کسی کو نہیں آنے دیں گے ، بہت بڑی بات ہوگی تو شاید ایک دونام ہیں ، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ کرسی پر کسی اورکو بٹھانے کی کوشش کریں گے ، یہ بھی سوچنا ہوگاکہ پاناما کا فیصلہ خلاف آنے کی صورت میں کیا چیز بیچیں گے اور عوام سے کیا وعدے کریں گے ۔