شاگردوں میں مطالعہ کی عادت پروان چڑھانے کیلئے اساتذہ کو اپنے آپ کو مثال بنا کر پیش کرنا ہو گا: افتخار عارف
اسلام آباد (پ ر)نئی نسل کا اُردو سے تعلق قائم کرنے کیلئے اساتذہ کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہو گا اور اپنے شاگردوں میں مطالعہ کی عادت پروان چڑھانے کیلئے اپنے آپ کو مثال بنا کر پیش کرنا ہو گا ۔ یہ بات معروف شاعر و ادیب ، ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان جناب افتخار عارف نے آفاق کے زیر اہتمام آفاق انسائیکلوپیڈیا کوئز کی ”تقریب تقسیم انعامات“ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی اور تعلیم پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ مطالعہ کرنے پر اُبھارا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اکادمی ادبیات پاکستان جناب ڈاکٹر راشد حمید نے کہا کہ آفاق انسائیکلوپیڈیا بچوں میں ذوق مطالعہ کو پروان چڑھانے کی اچھی کوشش ہے جس پر آفاق کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ محترمہ عائشہ سید ممبر قومی اسمبلی نے اپنے خطاب میں تاریخ کی معروف خواتین کا حوالہ دیتے ہوئے طالبات پر زور دیا کہ وہ یہ عزم کریں کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کریں گی۔ تقریب سے معروف شاعرو کالم نگار احمد حاطب صدیقی، زونل ہیڈ آفاق نمیر حسن مدنی ، زونل ہیڈ آفاق لرننگ میٹریل شفقت عباسی نے بھی خطاب کیا۔