چیئرمین پیمرا آسامی مشتہر کیس :اسلام آباد ہائیکورٹ نے تقرری روکدی
اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک )اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا کی تقرری روک دی ، معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود آسامی کے لیے اشتہار جاری کرنے پر وفاق سے جواب طلب کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چیئر مین پیمرا کی آسامی مشتہر کرنے کے خلاف سابق چیئرمین پیمرا چودھری رشید کی جانب سے عدالت عالیہ میں دائر کی گئی درخواست کی سماعت جسٹس نورالحق قریشی نے کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود 23 جولائی کو قومی اخبارات میں چیئرمین پیمرا کے تقرر کی آسامی مشتہر کی گئی، کیس کے فیصلے تک آسامی مشتہر کرنے کا یہ اقدام درست نہیں ہے ، چیئرمین پیمرا کی تقرری کا اشتہار جاری کر کے وفاقی حکومت کی جانب سے توہین عدالت کی گئی ہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا کے تقرر پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے وفاق سے جواب طلب کر لیا ہے۔