چوہدری نثار کی پریس کانفرنس سیاسی بلیک میلنگ کا عجوبہ ،دیکھنا یہ ہے کہ وہ پورس کے ہاتھی بنتے ہیں یا آدھی رات کے گیدڑ؟سینیٹرعاجز دھامراہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرعاجز دھامراہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس سیاسی بلیک میلنگ کا عجوبہ تھی تاہم دیکھنا یہ ہے کہ چوہدری نثار پورس کے ہاتھی بنتے ہیں یا آدھی رات کے گیدڑ۔
نجی ٹی وی کے مطابق چوہدری نثار علی خان کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ عجیب منظر ہے کہ صاف چھپتے پھی نہیں اور سامنے آتے بھی نہیں، حیرت کی بات یہ ہے کہ ایک وزیراعظم کو ان کی کابینہ کا ممبر بلیک میل کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غالباً چوہدری نثار کے پاس شریف خاندان کے راز ہوں گے جن کو فاش نہ کرنے کی قیمت وصول کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار میں اخلاقی جرأت ہوتی تو وزارت چھوڑ دیتے۔