مریم نواز کی جے آئی ٹی میں طلبی کے بعد سوشل میڈیا پر ’’مریم میری آواز ‘‘ ٹرینڈ بن گیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی میں طلبی کے بعد سوشل میڈیا پر مریم نواز کی حمایت میں مسلم لیگی ورکرز اور پرستار لنگوٹ کس کر میدان میں آ گئے ،’’مریم میری آواز‘‘ کے نام سے ٹرینڈ بن گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے وزیر اعظم کی بیٹی مریم نواز کو 5 جولائی کو جوڈیشل اکیڈمی میں طلب کئے جانے کے بعد مسلم لیگی ورکرز بھی لنگوٹ کس کر سوشل میڈیا کے میدان میں کود پڑے ،مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز کے پرستاروں کا اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہم کل بھی آپ کے ساتھ تھے آج بھی آپ کے ساتھ ہیں۔جبکہ ’’مریم میری آواز ‘‘ ٹوئٹر پر ٹرینڈ بن چکا ہے ۔واضح رہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی جے آئی ٹی نے مریم نواز کو پانچ جولائی کو طلب کرلیا ہے اس سلسلے میں جے آئی ٹی نے سمن بھی جاری کردیا ہے، جس میں انہیں ان سے لندن فلیٹس اور دیگر بیرون ملک کاروبار کی تفصیلات بھی پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔مریم نواز کے علاوہ ان کے بھائی حسن نواز کو تین جولائی، حسین نواز 4جولائی کو طلب کیا گیا ہے اس سے قبل وزیراعظم کے کزن طارق شفیع کو 2 جولائی کو جے آئی ٹی نے طلب کرلیا ہے۔