فاٹا پر پچھلے 15سال سے توجہ نہیں دی گئی ،کے پی کے میں ضم کر دیں گے ،کام تیزی سے جاری ہے :سینیٹر سرتاج عزیز
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) مشیر خارجہ و سربراہ فاٹا اصلاحات کمیٹی سینیٹر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ فاٹا کا علاقہ بہت زیادہ پسماندہ ہے ، پچھلے15 سال میں اس طرف توجہ نہیں دی گئی، فاٹا اصلاحات کے ذریعے اس علاقہ کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے گا اور فاٹا کے حصے کا بجٹ بھی صوبہ خیبرپختونخواہ کو دیا جائے گا تاکہ اس علاقہ میں بھی ترقیاتی کام ہوسکیں، فاٹا کے لوگوں کا زیادہ رجحان کے پی کے کی طرف ہے، اس لئے اسکو کے پی کے میں ضم کرنے کا ارادہ بنایا ہے۔
نجی ٹی وی’’جیو نیوز ‘‘ کے پروگرام’’جرگہ ‘‘ میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے مشیر خارجہ سینیٹر سرتاج عزیز نے کہا کہ فاٹا کا علاقہ پہلے ہی بہت پسماندہ تھا اور پچھلے 15 سالوں میں اس علاقے کی طرف بالکل توجہ نہیں دی گئی اور اس علاقے کے فنڈز بھی جاری نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کو بہت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فاٹا اصلاحات کے ذریعے اس علاقے کو صوبہ خیبرپختونخواہ میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ فاٹا کے لوگوں کا زیادہ تر رجحان بھی خیبر پختونخواہ کی طرف ہے اور اسکے حصے کا بجٹ بھی خیبرپختونخواہ کو دیا جائے گا۔ سینیٹرسرتاج عزیز نے کہا کہ فاٹا کے علاقے کو خیبر پختونخواہ میں ضم کیلئے خیبر پختونخواہ کے نمائندوں کی رائے بھی لی گئی ہے اور فاٹا کے نمائندوں اور ماہرین سے بھی مکمل طور پر مشاورت کرکے چل رہے ہیں، فاٹا میں ڈویلپمنٹ کا عمل بہت جلد شروع کرادیا جائے گا، اس علاقے کی سیکورٹی کیلئے لیویز فورس تیار کی جائے گی تاکہ امن و امان کو مکمل طور پر بحال کیا جاسکے۔
سربراہ فاٹا اصلاحات کمیٹی نے کہا کہ اگلے ایک،دو ہفتوں میں خیبرپختونخواہ کے چیف منسٹر سے ملاقات کرکے فاٹا اصلاتا کے معاملہ کو مکمل کرنے پر تفصیلی مشاورت کریں گے، وزیر اعظم نواز شریف اپنے ہر دور میں چھوٹے صوبوں پر خصوصی توجہ دیتے ہیں اور انہوں نے سی پیک منصوبے کے ذریعے بہت بڑی سرمایہ کاری بلوچستان میں کی ہے اور ہر صوبے میں ایک ایک انٹرنیشنل زون بنایا جائے گا، یہ ایک غلط رائے بنادی گئی ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف چھوٹے صوبوں پر توجہ نہیں دیتے۔مشیر خارجہ سینیٹر سرتاج عزیز نے کہا کہ اگلے ہفتے فاٹا اصلاحات رپورٹ کو پارلیمنٹ میں پیش کر دیا جائے گا اور پھر ایک پراسیس کے تحت قانون بن جائے گا ۔