ڈرون حملوں کے متضاد اعداد و شمار پیش کرنے پر اپوزیشن کا واک آﺅٹ، صحیح اعداد و شمار پیش کرنے کا مطالبہ کرنے پر وزیر داخلہ برہم ہو گئے: اعتزاز احسن

ڈرون حملوں کے متضاد اعداد و شمار پیش کرنے پر اپوزیشن کا واک آﺅٹ، صحیح اعداد و ...

مجھے دھمکی دی گئی اور بات کرنے سے روکا گیا، ہماری تضحیک ہو گی تو ایوان میں نہیں آئیں گے: چوہدری نثار

ڈرون حملوں کے متضاد اعداد و شمار پیش کرنے پر اپوزیشن کا واک آﺅٹ، صحیح اعداد و شمار پیش کرنے کا مطالبہ کرنے پر وزیر داخلہ برہم ہو گئے: اعتزاز احسن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینیٹ میں ڈرون حملوں سے متعلق متضاد اعدادو شمار پیش کرنے پر حکومت اور اپوزیشن میں ٹھن گئی، اپوزیشن نے واک آﺅٹ کیا اور وزیر داخلہ سے صحیح اعداد و شمار پیش کرنے کا مطالبہ کر دیا، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ انہیں دھمکی دی گئی اور بات کرنے سے روکا گیا، اگر تضحیک کی جائے گی تو وہ ایوان میں نہیں آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیئر حسین بخاری کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 2008ءسے اب تک 317ڈرون حملے ہوئے جن میں 2,160 دہشت گرد اور 67شہری بھی مارے گئے۔ چوہدری نثار نے سینیٹ کو بتایا کہ لاپتہ افراد کے متعلق قومی پالیسی لائی جارہی ہے اور اس معاملے پر ایوان میں ریکارڈ پیش کیا جائے گا۔ چوہدری نثار کے سینیٹ میں بتائے گئے اعداد و شمار پر اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ کیا اور احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اعداد و شمار کو واپس لیا جائے بصورت دیگر واک آﺅٹ کریں گے۔بعدازاں وزیر داخلہ چوہدری نثار اور اعتزاز احسن میں تلخ کلامی ہو گئی جس پر سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ انہیں وزیر داخلہ کے بیان سے دکھ ہوا ہے،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارنے کہا کہ اعتزاز احسن حکومت کے خلاف موقع کی تلاش میں رہتے ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری اعزاز احسن کا کہنا تھا کہ پارلیمانی تاریخ کا آج سیاہ دن دیکھا، جس رعونت سے وزیر داخلہ نے ظفرالحق کی بات بھی نہ مانی، ظفرالحق پر رحم آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے معافی نہیں، چوہدری نثار سے جواب واپس لینے کا کہا تھا لیکن وزیر داخلہ تو سیٹ پر بیٹھے رضا ربانی پر بھی برس پڑے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر داخلہ کے جواب واپس لینے اور ظفر الحق کی جانب سے معافی کی یقین دہانی پر واپس آئے لیکن یقین دہانی پر عمل نہ ہونے پر ایوان سے دوبارہ واک آﺅٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بارے میں غلط اعداد و شمار بتائے گئے جس پر وزیر داخلہ کو درست جواب داخل کرنے کو کہا تو وہ برہم ہو گئے، وزیر داخلہ کو خودسر نہیں کہوں گا لیکن سب نے ان کا رویہ دیکھا ہے، لگتا ہے چوہدری نثار کی انا کا مسئلہ ہے، ہم غلط بات نہیں مانیں گے۔ سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ کل 10 بجے اپوزیشن جماعتیں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گی اور تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ بھی کل کیا جائے گا۔