الطاف حسین نے ایم کیو ایم کو ایک مافیا ڈان کی طرح چلایا ،ان کی سیاست کا باب ہمیشہ کے لئے بند ہو چکا :ڈاکٹر طارق فضل چوہدری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ الطاف حسین کی ہرزہ سرائی اور پاکستان کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرنے کے بعد اب پاکستان میں انکی سیاست کا باب بند ہو چکا ، انہیں کسی دور اور کسی صورت میں بھی یہ اجازت نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی دی جائے گی کہ ان کے نام سے دوبارہ ایم کیو ایم فعال ہو اور الطاف حسین اسے کنٹرول کریں، الطاف حسین نے ایک ایسا ناقابل معافی جرم کیا ہے جس کی انہیں کسی صورت معافی نہیں دی جا سکتی۔
ایف آئی اے نے غبن میں ملوث بینک ملازمین سمیت 8افراد گرفتار کرلئے
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ الطاف حسین چونکہ پاکستان سے باہر ہیں اس لیے حکومت اپنے آئین اور قانون سمیت بین ا لاقوامی قوانین کا سہارا لیتے ہوئے انکے خلاف انتہائی سخت کاروائی کرے گی اور انہیں نشان عبرت بنا دیا جائے گا تاکہ آئندہ مستقبل میں کوئی پاکستان میں یا پاکستان سے باہر ہمارے وطن عزیز کے بارے میں اس طرح کی فضول اور گھٹیا گفتگو نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی تقریر انتہائی قابل مذمت ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کوئی بھی شخص جو پاکستانی ہو وہ اپنے وطن کے متعلق ایسے الفاظ ہرگز استعمال نہیں کر سکتا جیسے الطاف حسین نے کیے، کسی کو بھی پاکستان کے خلاف نعرے لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے ایم کیو ایم کو ایک مافیا کے ڈان کی طرح چلایا اور کراچی میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام کیا گیا، بھتہ خوری ہوتی رہی جبکہ ٹارگٹ کلنگ بھی عام رہی، اس لیے الطاف حسین سے مکمل لا تعلقی کر کے اور ان کے بغیر اگر فاروق ستار کی سربراہی میں جو کہ تمام فیصلے پاکستان میں ہی کریں ایم کیو ایم پاکستان اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھنا چاہتی ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو اس خطاب کے دوران مردہ باد کے نعرے لگاتے رہے ان کی شناخت کا عمل جاری ہے اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں، جبکہ میڈیا ہاؤسز پر حملہ کرنے والوں کو بھی شناخت کے بعد گرفتار کیا جا رہا ہے جن پر دہشت گردی اور غداری کے مقدمات درج ہیں، قانون کے مطابق ان لوگوں کا ٹرائل جاری ہے جنہیں قانون کے مطابق ہی سزا بھی دی جائے گی۔