سانحہ کراچی :پاکستان نیوی کے غوطہ خوروں نے مزید آٹھ لاشیں نکال لیں ،سند ھ حکومت کا امداد کا اعلان

سانحہ کراچی :پاکستان نیوی کے غوطہ خوروں نے مزید آٹھ لاشیں نکال لیں ،سند ھ ...
سانحہ کراچی :پاکستان نیوی کے غوطہ خوروں نے مزید آٹھ لاشیں نکال لیں ،سند ھ حکومت کا امداد کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) شہر قائد میں ساحل سمندر پر پیش آنے والے افسوس ناک سانحے کے بعد پاک بحریہ نے آج مزید آٹھ لاشیں نکال لی ہیں ، پانچ افراد تاحال لاپتہ ہیں،سند ھ حکومت نے سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے امداد کا اعلان کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اندھیرے کے باعث ملتوی کیا گیا سرچ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے اور پاک بحریہ کی ترجمان کے مطابق سی کنگ ہیلی کاپٹر اور سپیڈ بوٹس کی مدد سے غوطہ خوروں نے مزیدآٹھ افراد کی لاشوں کو سمند ر سے نکال لیا ہے جس کے بعد جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 33ہو گئی ہے جبکہ دیگر پانچ لاپتہ افراد کی تلاش تاحال جاری ہے ۔ پولیس کے مطابق 18 لاشوں کو شناخت کے بعد ورثاءکے حوالے کر دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ عید کے دوسرے روز سمندر کی بے رحم موجوں نے نہانے والے درجنوں افراد کو نگل لیا تھا اور خوشیاں منانے کیلئے ساحل کا رخ کرنےوالوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا تھا ۔جمعرات کی رات تک ریسکیو ٹیموں نے 25 لاشیں نکال لیں تھیں ، سی ویو سے23 اور ہاکس بے سے دو افراد کی لاشیں نکالی گئیں تھیں ۔ آج نکالی گئیں لاشوں میں ایک کی شناخت صابر کے نام سے ہوئی ہے جو کورنگی کا رہائشی تھا ۔ دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہونے افرادکے لواحقین کے لیے امداد کا اعلان کر دیا گیا ہے اور وزیر اعلی ہاﺅس کے ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے ہر شہری کے لواحقین کو دو ، دو لاکھ روپے دیئے جائیں گے ۔ سندھ حکومت کی جانب سے تمام عید ملن پارٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔