متحدہ رہنماﺅں کو بھتہ کے لئے بھیجے گئے خطوط کا معمہ حل ہوگیا
کراچی (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم کی سینئر لیڈر شپ، ممبر ان قومی و صوبائی اسمبلی کو بھتے کےلئے بھیجے گئے خطوط کا معامہ حل کرلیا گیا ہے، پولیس کی تفتیش میں پتا چلا ہے کہ تمام خطوط مظفر آباد کے رہائشی محمد اعظم نامی شخص نے ارسال کئے جبکہ ان خطوط پر رابطہ کےلئے درج موبائل نمبرز اعظم کے مخالفین اور سندھ ہائیکورٹ کے ایک سینئر وکیل اور راولپنڈی اور حیدر آباد کے عام شہریوں کے تھے۔ مقامی اخبار کو حاصل ہونے والی پولیس دستاویز کے مطابق متحدہ کو بھیجے گئے ان خطوط میں رابطے کے لئے 7 موبائل نمبر درج تھے جن میں سے ایک حیدر آباد کے رہنے والے سید عباس حیدر کا تھا۔ دوسرا موبائل نمبر گلستان جوہر کے انس، تیسرا نمبر وکیل محمد نواز، چوتھا راولپنڈی کے شفیق حسین، پانچواں نمبر کشمیر کے منیر احمد، چھٹا نمبر راولپنڈی کے محمد کیل اور ساتواں نمبر غلط درج کیا گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق بھتہ وصولی کے لئے متحدہ کو بھیجے گئے ان خطوط پر محمد اعظم خان نے اپنے مخالفین کے ٹیلیفون نمبرز بطور تحریک طالبان کے رابطہ کار نمبرز کے درج کردئیے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق انس نامی کلیئرنگ اینڈ فارورڈنگ ایجنٹ نے اعظم نامی شخص سے 10 لاکھ روپے لینے تھے اور وہ اپنی رقم کی وصولی کے لئے تقاضا کررہا تھا۔ اعظم سے رقم کی وصولی کے لئے انس کے ساتھ وہ تمام افراد بھی شامل تھے جن کے موبائل نمبر اعظم کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنماﺅں کے لکھے جانے والے خط میں دئیے گئے تھے۔