سیاسی جماعتوں سے اختلا ف اپنی جگہ ملکی سالمیت کے لیے ہم سب اکٹھے ہیں :مشیر اطلاعات سندھ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں سے اختلاف اپنی جگہ ہیں لیکن ملکی سالمیت کے لیے ہم سب اکھٹے ہیں اور اگر دشمن نے لڑائی کی کوشش کی تو ساری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔
سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اجلاس میں بھارتی اشتعال انگیزی کی مذمت کی گئی اور شہید پاکستانی جوانوں کے لیے دعا بھی ہوئی ۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی سالمیت کے لیے ہم سب متحد ہو کر پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مخالفین مخصوص صوبے سے ملازمین کو نکالتے ہیں ،پیپلز پارٹی نے کبھی ملازمین کو بے روز گار نہیں کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ نے تقرریوں پر پابندی اٹھانے کا اعلان کردیا ہے ،ایک مہینے میں لوگوں کو اہلیت کی بنیاد پر نوکریاں دی جائیں گی ۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ شادی ہالو ں کو 10بجے بند کرانے کی پابندی کرائی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ صبح ہی اپنے دفتر پہنچ جاتے ہیں ،کوئی آیا ہو یا نہ آیا ہو وزیر اعلیٰ سندھ ڈیوٹی پر پہنچ جاتے ہیں ۔