معروف کرنسی ڈیلر جاوید خانانی نے مبینہ طور پر عمارت کی آٹھویں منزل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے بہادرآباد میں معروف کرنسی ڈیلر جاوید خانانی نے مبینہ طور پر عمارت سے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ بہادرآبادمیں ایک زیر تعمیر عمارت سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہو گیاہے جس کے بعد پولیس نے لاش کی شناخت معلوم کی تو پتہ چلا کہ یہ معرو ف کرنسی ڈیلر ہیں اور انہوں نے مبینہ طور پر عمارت کی 8ویں منزل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کی ۔ جاوید خانانی کیخلاف ایف آئی اے میں منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش بھی چل رہی تھی ۔پولیس کا کہناہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ خودکشی کا لگتاہے ہے لیکن تحقیقات کے بعد ہی واضح ہو سکے گا ۔جاوید خانانی کے خاندان ذرائع کا کہناہے کہ وہ ایک دو روز سے کافی پریشان نظر آر ہے تھے ،اور جس عمارت سے انہوں نے مبینہ خودکشی کی ہے وہ ان کی اپنی ہی ملکیت تھی ۔جاوید خانانی نے دوپہر ڈیڑھ بجے چھلانگ لگائی جس کے بعد ان کی لا ش کو لیاقت نیشنل ہسپتال لایا گیا جہاں پر دو بجے ان کی شناخت ہوئی اور ان کے اہل خانہ ڈیڈ باڈی لے گئے۔
پولیس کا کہناہے کہ عمارت کی چھت پر سے جاوید خانانی کی چپل ،عینک اور پرس ملاہے ،لگتاہے کہ انہوں نے یہ چیزں رکھ کر عمارت سے چھلانگ لگائی ہے،پولیس کے مطابق جاوید خانانی کے کیس میں ان کے بزنس پارٹنر اور اہل خانہ سے بھی معلومات لی جائیں گی۔