ڈاکٹر تنویر زمانی پاکستانی شہری ہونے سے پہلے بھارتی تھیں
کراچی (خصوصی رپورٹر ) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی مبینہ بیگم تنویرزمانی سے متعلق بہت سی افواہیں گردش کر رہی ہیں تاہم اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ پاکستانی ہونے سے پہلے بھارتی شہری تھیں۔ روزنامہ پاکستان نے تنویر زمانی کے بھارتی شہری ہونے سے متعلق دستاویزات اور ان کا برتھ سرٹیفکیٹ بھی حاصل کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تنویر زمانی کے برتھ سرٹیفکیٹ پر واضح طور پر بھارتی شہر حیدر آباد کا نام لکھا نظر آ رہا ہے جبکہ اس پر موجود کلینک اور ڈاکٹر کا نام دیکھ کر بھی یہ واضح ہوتا ہے کہ یہ بھارتی شہر میں ہی بنا ہے۔ اسی طرح تنویر زمانی کا ریذیڈنٹ کارڈ بھی سامنے آیا ہے جبکہ پاکستان کے شناختی کارڈ پر موجود جائے پیدائش کی جگہ پر بھی ”حیدر آباد، انڈیا“ درج ہے۔ دستاویزات سے یہ تو پتہ چل رہا ہے کہ ڈاکٹر تنویر زمانی بھارت میں پیدا ہوئی تھیں تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں پاکستانی شہریت کن حالات میں اور کس کے کہنے پر دی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر تنویر زمانی کے پاسپورٹ کی تجدید کے دوران جمع کرایا جانے والا فارم بھی سامنے آیا جس میں ان کے باپ اور اصلی شوہر کے نام کا انکشاف ہوا۔ اس دستاویز میں ڈاکٹر تنویز زمانی کے باپ کا نام احمدعلی یحییٰ فاروقی اور شوہر کانام جاوید تحسین صدیقی درج ہے۔ فارم میں تنویرزمانی کا حالیہ پتہ امریکہ جبکہ مستقل پتہ گلزار زبیدہ کراچی کا لکھاہے۔ تحسین جاوید صدیقی بھی پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں اور وہ جیکسن پارک شکاگو میں پریکٹس کررہے ہیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر تنویر زمانی کو سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی مبینہ بیوی بھی کہا جاتا ہے تاہم تنویر زمانی نے اس سے متعلق خبروں کی ابھی تک کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی جبکہ وہ اپنے اصل شوہر کا نام بتانے سے بھی گریزاں ہیں۔یہ افواہیں بھی کافی عرصہ گرم رہیں کہ آصف علی زرداری اور تنویر زمانی کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام سجاول ہے تاہم چند روز قبل ایک ٹی وی پروگرام میں ڈاکٹر تنویز زمانی نے سجاول سے متعلق سوال پر یہ کہہ کر جواب دینے سے انکار کر دیا تھا کہ صرف سجاول ہی نہیں بلکہ اس ملک کے تمام بچے ان کے بیٹے ہیں ۔
ڈاکٹر تنویر زمانی کا برتھ سرٹیفکیٹ جو بھارت کے شہر حیدر آباد میں بنا۔
- ڈاکٹر تنویر زمانی کا ریذیڈنٹ کارڈ
- ڈاکٹر تنویر زمانی کے پاکستانی شناختی کارڈ پر جائے پیدائش کی جگہ بھارتی شہر حیدر آباد درج ہے۔