فیصلہ آنے پر نوازشریف سے وزیر اعظم ہاﺅس خالی کرانا اداروں کی ذمہ داری ہے: شیخ رشید
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر سپریم کورٹ سے کوئی فیصلہ آتا ہے تو حکمرانوں کا کھیل اور کہانی ختم ہے ۔ فیصلہ آنے کی صورت میں اداروں کی ذمہ داری ہے کہ نوازشریف سے 72گھنٹوں میں وزیر اعظم ہاﺅس خالی کرایا جائے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم ہاﺅس سازشوں کا ہیڈ کوارٹربنا ہوا ہے اور حکمرانوں نے کرپشن ختم نہ کرنے کی قسم کھائی ہوئی ہے۔تاریخ گواہ ہے نوازشریف نے ہمیشہ اپنے خلاف سازش کی ۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 12ملین ایسے برکتی تھے کہ ختم ہی نہیں ہو رہے ، نوازشریف کے ساتھ بھی انکا ساتھ چھوڑ چکے ہیں اور آج کوئی پارٹی نوازشریف کے ساتھ نہیں ۔پاکستان بحرانوں میں گھرا ہوا ہے ، شریف خاندان نے اب تک کوئی منی ٹریل پیش نہیں کی ۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ پاناما کیس کے اصل محور نوازشریف ہیں ، جے آئی ٹی کو گالیاں دی جا رہی ہیں اور حکمران حساب دینے کو تیار نہیں ۔