وفاق کا طالبان کے ساتھ نرم رویہ معنی خیز ، چوہدری نثار ہزاروں لوگوں کے قاتلوں کو عام شہری کہتے ہیں: شرجیل میمن
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ وفاق کا ہزاروں لوگوں کے قاتل طالبان کے ساتھ نرم رویہ معنی خیز ہے، چوہدری نثار ائر پورٹ حملے سے اگلے دن شام کوفوٹو سیشن کے لئے کراچی پہنچے،وہ ایک بیان دے کر ائر پورٹ حملے سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران شرجیل میمن نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ائرپورٹ حملے بارے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ائیر پورٹ پر حملے کا سنتے ہی فوری طور پر موقع پر پہنچے اور تمام آپریشن کی نگرانی کی لیکن وزیر داخلہ چوہدری نثار منظر سے نا صرف غائب رہے بلکہ اگلے دن شام کو صرف فوٹو سیشن کے لئے کراچی پہنچ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار صرف ایک بیان دے کر اپنی ذمہ داریوں سے بر ی الذمہ نہیں ہو سکتے ، صوبہ یا وفاق نہیں کہہ سکتا کہ واقعہ ہماری ذمہ داری نہیں۔تحریک طالبان نے اب تک ہزاروں سیکیورٹی اہلکار شہید کئے جبکہ چوہدری نثار کہتے ہیں کہ طالبان عام شہری ہیں حکومت کا کام ہے کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کرے لیکن وفا ق کا دہشتگردوں کے ساتھ نرم رویہ معنی خیز ہے۔