’’چار روزہ مشن جی ٹی روڈ‘‘ نواز شریف 370 مرتبہ عدالتی توہین کے مرتکب ہوئے‘‘ان کی میڈیا پر تقاریر نشر ہونے پر جلد پابندی عائد ہو جائے گی : فیصل عزیز خان کا دعویٰ

کراچی

کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) معروف صحافی فیصل عزیز خان نے دعویٰ کیا ہے کہ میاں نواز شریف نے سپریم کورٹ  کی طرف سے نااہل ہونے کے فیصلے کے بعد اپنے چار روزہ’’ جی ٹی روڈ مشن‘‘  کے دوران 370 مرتبہ عدالتی توہین کی، میڈیا پر نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے پر تاحیات پابندی عائد ہونے والی ہے۔

نجی ٹی وی چینل ’’بول نیوز ‘‘ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل عزیز خان کا کہنا تھا کہ نا اہل نواز شریف عدلیہ ،جمہوریت اور فوج کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کر رہے ہیں ،ان پر میڈیا میں گفتگو کرنے پر پابندی ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عدلیہ کے خلاف بات کر کے لوگوں کو اکسا رہے ہیں ،مشن جی ٹی روڈ میں انہوں نے  4 روزہ مشن میں 370 مرتبہ عدالتی توہین کی مگر عدالت نے اس پر کسی قسم کا نوٹس نہیں لیا جبکہ عدلیہ کی تاریخ میں ایسی کوئی مثال پہلے سے موجود نہیں ہے کہ عدالت کی طرف سے سزا دیئے جانے کے بعد کسی متاثرہ شخصیت کو اس طرح نظر انداز کیا گیا ہو۔ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ روایت زور پکڑ گئی تو عدلیہ کے لئے میرٹ پر انصاف کرنا مشکل ہوجائے گا۔فیصل عزیز خان کا دعویٰ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میڈیا پر نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے پر تاحیات پابندی عائد ہونے والی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی نواز شریف کی تقاریر نشر کر نے پر بھی پابندی عائد ہو جائے گی۔