ن لیگ اس وقت سے ڈرے جب عوام اٹھ کھڑے ہوں گے: ڈاکٹر عاصم
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ ن لیگ والے جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے محاورے پر عمل پیرا ہیں لیکن انہیں اس وقت سے ڈرنا چاہیے جب عوام اٹھ کھڑے ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کیا ہے اور ان کی پیشی پر کبھی بھی پارٹی کارکن نہیں آئے اور نہ ہی کبھی نعرے بازی ہوئی لیکن یہ کارکن لے کر آتے ہیں۔یہ کس قسم کا قانون ہے، کیا پاکستان دو ہیں، انصاف دہرا ہے یا قانون دو ہیں؟۔
ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نے پہلے بھی سپریم کورٹ پر حملہ کیا اور اب بھی یہی کرتے رہیں گے، یہ سمجھتے ہیں کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس ، لیکن انہیں اس وقت سے ڈرنا چاہیے جب عوام اٹھ کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہر روز عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن ان کے ساتھ کوئی خصوصی سلوک نہیں کیا جاتا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ بھی وہی سلوک کیا جائے جو میاں نواز شریف کے ساتھ کیا جاتا ہے۔