کراچی میں آج بھی شدید گرمی، پارہ 40 ڈگری سے اوپر جانے کا خدشہ

کراچی

کراچی(ویب ڈیسک) گزشتہ کئی روز سے شہر قائد شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے آج بھی پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جانے کا امکان ہے۔رواں ماہ کے آغاز میں محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اکتوبر کا مہینہ کراچی کے شہریوں کے لیے بہت مشکل ثابت ہوگا، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی صحیح ثابت ہوئی۔

گزشتہ کئی روز سے کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے ، سمندری ہوا کی بندش اور ہوا میں نمی کے تناسب میں اضافے کی وجہ سے حبس اور گرمی نے شہریوں کا جینا محال کرکے رکھا ہوا ہے۔دوسری جانب شدید گرمی اور حبس کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا دوبھر کرکے رکھا ہواہے،کئی کئی گھنٹوں تک کی جانے والی بجلی کی بندش کے باعث سخت پریشان ہیں اور کے الیکٹرک کی کارکردگی سے بالکل بھی خوش نہیں ہیں۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی کراچی میں شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جانے کی پیشگوئی کی ہے۔ تاہم آج کراچی کے شہریوں کی مشکلات کاآخری دن ہے کیونکہ جمعہ کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 13 اکتوبر کے بعدکراچی کا درجہ حرارت معمول پر آنا شروع ہوجائے گا۔