دوسری نیشنل جوڈیشل کانفرنس کل کراچی میں منعقد ہو گی، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ مہمان خصوصی ہوں گے
کراچی (این این آئی) دوسری نیشنل جوڈیشل کانفرنس کل (جمعہ کو)منعقد ہو گی جس کے مہمان خصوصی چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ ہوں گے، کانفرنس میں بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سمیت سینئر قانونی ماہرین اور شخصیات کلیدی خطاب کریں گی، کانفرنس کا انعقاد جسٹس ہیلپ لائن کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے تعاون سے دن دو بجے میریٹ ہوٹل میں کیا گیا ہے، جوڈیشل کانفرنس کا مقصد معاشرے میں قانون کی بالا دستی اور انصاف کی بروقت فراہمی کے اقدامات کی حوصلہ افزائی اور صحت مندانہ سوچ کو فروغ دینا ہے۔
صدرجسٹس ہیلپ لائن ایڈووکیٹ ندیم شیخ نے کہا کہ دوسری نیشنل جوڈیشل کانفرنس کاانعقاد ان کے لیے انتہائی اعزاز اور خوشی کی بات ہے، یہ ایونٹ بار اوربینچ کے درمیان تعلق کومزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں قانون کی بالادستی، اس پر عملدرآمداور اس سے متعلق موضوعات پر سینئر ماہر وکلا اظہار خیال کریں گے، کانفرنس وکالت کے طالب علموں کے لیے انتہائی مفید ہو گی۔کانفرنس کے حوالے سے صدر سندھ ہائی کورٹ بار ایڈووکیٹ شہاب سرکی نے کہا کہ کانفرنس میں ملک بھر میں زیر التواء مقدمات اور عوام کوسستے اورجلد انصاف کی فراہمی کے لیے تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔