اشتعال انگیز تقریر ،عدالت نے بانی ایم کیو ایم ،فاروق ستار اور متحدہ کے دیگر 22رہنماﺅں کے وارنٹ گرفتاری پھر جاری کر دئیے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کیس میں ایک مر تبہ پھر بانی ایم کیو ایم ،فاروق ستار ،خالد مقبول ،ریحان ہاشمی اور حیدر عباس رضوی سمیت 22رہنماوں کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتار ی جاری کردئیے ۔ادھر وسیم اختر کی درخواست ضمانت پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ۔
تفصیل کے مطابق آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعا انگیز تقریر کیس کی سماعت ہوئی جس میں وسیم اختر کے وکیل خواجہ نوید نے کہا کہ اشتعال انگیز تقریر کے مقدمے میں بانی ایم کیو ایم ،فاروق ستار اورخالد مقبول سمیت سینئر ترین رہنما نامزد ہیں ،پارٹی کے سینئر ترین رہنما باہراور وسیم اختر اندر ہیں جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو انکی آزادی پر اعتراض ہے ؟کیا آپ چاہتے ہیں وہ بھی پکڑے جائیں؟۔جواب میں نوید خواجہ نے کہا کہ دیگر رہنماوں کی عدم گرفتاری پر نہیں بلکہ وسیم اختر کی گرفتاری پر اعتراض ہے ۔عدالت نے وسیم اختر کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج ہی سنا یا جائے گا ۔عدالت نے دیگر رہنماوں ک نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ایک بار پھر جاری کردئیے ۔