بلاول بھٹو زرداری کا این اے 207رتو ڈیرو سے الیکشن لڑنے کا اعلان

بلاول بھٹو زرداری کا این اے 207رتو ڈیرو سے الیکشن لڑنے کا اعلان
بلاول بھٹو زرداری کا این اے 207رتو ڈیرو سے الیکشن لڑنے کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے انتخابات میں این اے207 رتو ڈیرو سے میدان سیاست میں قدم رکھیں گے ،پنجابی طالبان کا پاکستان میں کارروائیاں نہ کرنے سے متعلق بیان مثبت ہے،طالبان کے بیان کامطلب یہ نہیں کہ ماضی میں تشددکی جوکارروائیاں کی گئی ہیں ان پر کچھ نہ کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے اعشائیے سے خطاب کر تے ہوئے بلاول بھٹو زردای کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ بے نظیر بھٹو این اے 207 رتو ڈیرو سے انتخابات میں حصہ لے کر کامیاب ہوتی تھیں لہذا انہوں نے بھی اسی حلقے سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ طالبان کی جانب سے پاکستان میں عسکری کارروا ئیوں کو ختم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم ان کا ماضی ہمیں ان کی اس بات پر یقین کرنے سے باز رکھ رہا ہے ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے حید ر گیلانی طالبان کی قید میں ہیں ،طالبان سے اپیل کرتے ہیں کہ انہیں رہا کیا جائے۔بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پورے ملک میں سیلاب آیاہوا ہے، دھرنے کی سیاست غیر سنجیدہ ہے،جب سیاست کا وقت ہو اس وقت سیاست کی جانی چاہیے،ایسے حالات میں دھرنے انا کا مسئلہ لگتے ہیں،جب میڈیا آزادی اورانقلاب مارچ دکھانا چھوڑدے گا تو دھرنے ختم ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 60 سال سے ترقیاتی کام ہورہے ہیں،ترقیاتی کاموں کے حوالے سے پنجاب کا سندھ سے مقابلہ نہیں کرنا چاہیے،آئی ڈی پیز اور سیلاب متاثرین اس وقت اہم مسئلہ ہیںقوم ان کی مدد کرے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے، سندھی طالبان کا لفظ سمجھ سے باہرہے،نیول ڈاکیارڈ پرحملہ اندرونی معاملہ لگتاہے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی کو دہشت گردی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، قانون کی عملداری اور راستہ اختیارکیا جانا چاہیے۔