گرفتاریاں بلاوجہ اور سمجھ سے بالاتر ،حلف دینے کو تیار ہیں کہ زیر حراست لوگ بے گناہ ہیں:فاروق ستار
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بلاوجہ گرفتاریاں کی جارہی ہیں جو سمجھ سے بالاتر ہیں جبکہ ہم حلف دینے کیلئے بھی تیار ہیں کہ جن لوگوں کوگرفتار کیا گیا ہے وہ بے گناہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کا کراچی شہر میں جار ی ایم کیو ایم کارکنان کی گرفتاریوں سےمتعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہناتھا کہ چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ ایک بار پھر تیز کردیا گیا ہے اورہمارے کارکنوں کو بلاجواز اب بھی گرفتار کیا جارہا ہے جبکہ لاپتا ہونے والوں کی تعداد درجنوں میں ہے ،یہی نہیں چھاپے اور گرفتاریوں کے علاوہ بھی ہمارے لوگوں کو غائب کیا گیا اورجلسہ ختم ہونے کے بعد لائنز ایریا کے 4کارکنوں کو لاپتاکیا گیاتھا۔انہوں نے کہاکہ ہم کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہیں ، پر امن اورقانون پر بھی یقین رکھتے ہیں اور سندھ کے شہری علاقوں علاقوں کی نمائندگی بھی ایم کیو ایم ہی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قانون پسند لوگ ہیں مگر ہمیں قانون شکن لوگ کہاجارہا ہے۔فاروق ستار نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کا مینڈیٹ تسلیم کرتے ہیں لیکن ہمارے مینڈیٹ کو بھی تسلیم کیا جائے، ہمیں جائز سیاسی سپیس دی جائے جبکہ ہمیں ملک میں سیاست کرنے کا پورا حق ہے ، ہمیں سیاست سے نہ روکا جائے۔