کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں رہائشی عمارت گرنے سے 4افراد جاں بحق ، 9زخمی

کراچی

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر9 میں رہائشی عمارت گرنے سے 4افراد جاں بحق اور 9زخمی ہو گئے ۔ عمارت میں 20سے زائد افراد مقیم تھے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لیاقت آباد نمبر 9میں تین منزلہ مخدوش رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی ، عمارت میں کئی خاندان رہائشی پزیر تھے جبکہ نیچے دکانیں اور ہوٹل بھی تھا ، حادثے میں خاتون اور بچے سمیت 4افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 9زخمیوں کوبحفاظت نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کے نتیجے میں عمارت میں موجود کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں تلاش کرکے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم تنگ گلیوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، دوسری جانب مقامی شہری بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

عمارت کے ملبے تلے دب کر خاتون، بچہ اور ایک مرد سمیت 4افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن کی لاشوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو ادارے، ایدھی سنٹر کی ٹیم ، رینجرز کے جوان اور پولیس کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر موجود ہیں جبکہ امدادی کام شروع کردیا گیا ہے، عمارت گرنے کی وجہ اس کے مخدوش ہونے کے ساتھ ساتھ برساتکے موسم کو بھی قرار دیا جارہا ہے۔حادثے کے بعد میئر کراچی وسیم اختر اور ڈپٹی میئر ارشد وہرہ بھی امدادی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے موقع پر پہنچے۔