ایم کیو ایم پاکستان کے ایم پی اے ندیم راضی پی ایس پی میں شامل، پاناما فیصلے کے بعد ملک میں بحرانی کیفیت ، ارباب اختیار عوام پر رحم کریں: مصطفیٰ کمال
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی ندیم راضی پاک سر زمین پارٹی میں شامل ہوگئے۔ چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ملکی اداروں کو غلط ثابت کرنے کی مہم جاری ہے، پاناما فیصلے کے بعد ملک میں بحرانی کیفیت پیدا ہو چکی ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، ارباب اختیار عوام پر رحم کریں۔
ندیم راضی کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج تک ہمارے پاس لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جو پاک سر زمین پارٹی کے نظریے کی سچائی کی گواہی ہے، باقی لوگوں کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ اللہ کا نام لیں اور عزت والے معاملات اختیار کریں، جن کے نصیب میں ذلت لکھ دی گئی ہے ان کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے، ہم آخری سانسوں تک اپنے دروازے بند نہیں کریں گے۔پاک سرزمین پارٹی سب سے تیزی سے ابھرنے والی جماعت ہے جو 35 سال پرانی جماعتوں سے بھی زیادہ مستحکم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ ہوچکا ہے لیکن جب تک پاناما کا معاملہ چلتا رہا کسی کو پاکستان کے عوام کی پرواہ نہیں تھی، فیصلے کے بعد عجیب بحرانی کیفیت پیدا ہوچکی ہے، موجودہ وزیر اعظم خود کو وزیر اعظم نہیں مانتے اور کہتے ہیں کہ نواز شریف ہی وزیر اعظم ہیں جبکہ ملکی اداروں کو غلط ثابت کرنے کی مہم بھی جاری ہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ این اے 120 کے الیکشن کے بعد یوں لگ رہا تھا کہ ملک میں دودھ کی نہریں بہنے لگیں گی لیکن نہ تو کسی کے گھر میں صاف پانی آیا، بجلی پوری نہیں ہوئی اور نوجوانوں کو روزگار بھی نہیں ملا، ارباب اختیار سے درخواست ہے کہ لوگوں پر رحم کریں۔