پاکستان کا نمبر ون چینل ہر دو نمبری کیلئے بھاری رقم وصول کر رہا ہے: عائشہ خالد
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق نیوز کاسٹر عائشہ خالد نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کا نمبر ون چینل ہر دو نمبری کیلئے بھاری رقم وصول کر رہا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عائشہ خالد نے پاکستان کے نمبر ون چینل پر سنگین ترین الزامات لگادیے۔ عائشہ خالد نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’نمبر ون چینل ہر ’دو نمبری‘ کیلئے اچھی خاصی امداد حاصل کر تا ہے‘۔
واضح رہے کہ ریٹنگ کے مروجہ طریقہ کار کے تحت جیو نیوز ریٹنگ کے اعتبار سے مسلسل پاکستان کا نمبر ون چینل ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی جیو پر الزامات لگاتے رہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے دوسری بار سب سے بڑے چینل کا بائیکاٹ جاری ہے۔
دوسری جانب بول نیوز کا دعویٰ ہے کہ وہ پاکستان کا سب سے بڑا اور نمبر ون چینل ہے، بول نیوز کو ایک سال ہونے کو آیا ہے لیکن اس نے ابھی تک اشتہارات چلانا شروع نہیں کیے جس کی وجہ سے چینل کے ذرائع آمدن کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہتے ہیں۔ اب عائشہ خالد کا اشارہ اپنے سابق ادارے جیو نیوز کی طرف ہے یا صحافت میں نووارد بول نیوز پر انہوں نے انگلی اٹھائی ہے، اس حوالے سے انہوں نے واضح نہیں کیا۔
واضح رہے کہ عائشہ خالد نے یکم اکتوبر سے جیو نیوز کے ساتھ ساتھ صحافت کوبھی خیر باد کہا تھا، انہوں نے چینل چھوڑنے کی وجوہات نہیں بتائی تھیں ۔