پولیس سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 3 کارندے گرفتار ، دستی بم اور اسلحہ برآمد
کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) کاﺅنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے پیر آباد میں کاروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 کارندے گرفتار کر لیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے پیر آباد کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد گرفتار ہو گئے ہیں۔انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت احسان اللہ عرف قاری عمران ، ولی محمد اور دوست محمد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ گرفتار ملزمان سے دستی بم سمیت دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کے قتل کا بھی اعتراف کیا ہے جبکہ ملزمان پریڈی پولیس اور حیدری مارکیٹ میں بال بم دھماکے میں بھی ملوث تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے انہیں حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔