باکمال لوگ لاجواب سروس! پی آئی اے کی سیالکوٹ سے جدہ جانیوالی450 معتمرین کی پرواز کو کراچی اتار لیا
کراچی(صباح نیوز)پی آئی اے کی لاجواب سروس نے ایک اور کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے سیالکوٹ سے عمرے کے لئے جانے والے 450 متعمرین کو حجاز مقدس لے جانے کے بجائے کراچی لا کر اتار دیا۔باکمال لوگ لاجواب سروس کی مصداق پی آئی اے آئے روز خبروں کی زینت بنی رہتی ہے کبھی عملے کے ناروا سلوک کے باعث تو کبھی مسافروں کا سامان گم ہوجانے کی وجہ، کبھی پروازوں کی تاخیر کے باعث، کبھی حادثوں کی وجہ سے اور کبھی عملے کی کوتاہی کے باعث سمگلنگ ہونے کے باعث۔ کبھی اربوں روپے خسارے کی وجہ سے اور کبھی بوسیدہ حالت کی وجہ سے۔
ان تمام وجوہات کے باوجود حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی اور مسافرپریشانی کا شکار رہتے ہیں۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 745نے 10بج کر 45منٹ پر 450افراد کو سیالکوٹ سے جدہ روانہ ہونا تھا تاہم پرواز نے سیالکوٹ سے ہی 4گھنٹے تاخیر سے اڑان بھری اور اس کے بعد حجاز مقدس جانے کے بجائے متعمرین کو کراچی پہنچادیا گیا۔مسافروں کا کہنا ہے کہ صبح 5 بجے کراچی پہنچنے والے مسافروں کو سوا گھنٹے تک طیارے میں ہی بٹھائے رکھا گیا اور اس کے بعد مسافروں کو ہوٹل لے جانے کے بجائے لانج میں بٹھا دیا گیا اور تاحال پرواز کی روانگی کا وقت نہیں بتایا جارہا۔دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ سے تاخیر سے پہنچنے والی پرواز کو کراچی میں اتارا گیا اور اسی تاخیر کی وجہ سے عملے کی ڈیوٹی کا ٹائم ختم ہورہا تھا اور عملے کی تبدیلی کی وجہ سے پرواز کو کراچی میں لایا گیا۔