الطاف حسین نے حکومت سے نئے مطالبات کر دیے

الطاف حسین نے حکومت سے نئے مطالبات کر دیے
الطاف حسین نے حکومت سے نئے مطالبات کر دیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں ترجیحی بنیادوں پر مردم شماری کروائی جائے اور اس کے بعد فوری طور پر سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔ جناح گراﺅنڈ کراچی میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ کراچی میں اسلحہ پر پابندی لگائی گئی ہے لیکن ان کا مطالبہ ہے کہ پورے ملک میں اسلحہ پر پابندی لگائی جائے ۔ کراچی کے حوالے سے ایم کیو ایم کے قائد نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں کسی بھی شہر سے زیادہ آبادی رہتی ہے اس لیے یہاں ماس ٹرانزٹ ٹرین سمیت میٹرو بس منصوبہ شروع کیا جائے ۔ بنیادی سہولیات کے حوالے سے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ کراچی میں لوکل پولیس کا نظام لایا جائے اور شہریوں کو صاف پانی کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔
کراچی کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کا کہنا تھا کہ کراچی کی عوام مقبوضہ علاقہ میں رہ رہے ہیں اور یہاں رہنے والے مائیں ، بہنیں اور نوجوان اصل حریت پسند ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے لیے پولیس بھی باہر سے لائی گئی ہے اور تعصب کے اس نظام پر پورا ملک خاموش ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی والوں کے ساتھ اتنی نفرت نہ کی جائے کہ واپسی کا راستہ ممکن نہ رہے ۔ خیبر پختونخواہ کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اس صوبہ میں دنیا بھر سے غیر ملکی موجود ہیں لیکن شناختی کارڈ پر پابندی صرف کراچی میں لگائی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں اسلحہ لے کر چلنے والے کو 14 سال قید کی سزا دی جاتی ہے لیکن کے پی کے میں ایسی کوئی سزا نہیں ہے ۔ ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں سے تیسرے درجے کا سلوک کیا جا رہا ہے اور یہ قانون صرف اردو بولنے والوں کے لیے ہی نافذ کیا گیا ہے ۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ ساتھ رکھنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے جو شرم کی بات ہے ۔ انہوں نے کارکنان سے کہا کہ کراچی میں ہونے والا آپریشن ایم کیو ایم کے خلاف کیا جا رہا ہے اور ان کی تمام کراچی کے شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ اپنے پاس ہر وقت رکھیں ۔ انہوں نے کارکنان سے کہا کہ وہ رہیں یا نہ رہیں لیکن کراچی کی عوام اپنے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے اور آزادی ضرور حاصل کرے ۔ حلقہ این اے 246 کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ لیاقت آباد کے عوام ثابت کر دیں کہ یہ حلقہ متحدہ قومی موومنٹ کا ہے اور اس حلقہ سے کنور نوید کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں ۔
ملک میں جاری دہشت گردی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آج طالبان پورے پاکستان میں پھیلے ہوئے ہیں اور بازاروں سمیت عبادت گاہوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ اور انہی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی جانب سے آپریشن ضرب عضب جاری ہے جس میں پاک فوج نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ چینی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چینی صدر کے دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین معاہدے دونوں ممالک کی عوام کے لیے بھی اہم سنگ میل ثابت ہوں گے اور وہ ان کے دورے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔