ایدھی سنٹر میں ڈاکے کا مرکزی ملزم سابق ملازم نکلا
کراچی (ویب ڈیسک) شہر قائد میں ایدھی ٹرسٹ کے ہیڈ آفس میں ڈکیتی کرنے والوں کا سراغ مل گیا ہے ، سابق ملازم ڈکیتی کا مرکزی ملزم نکلا،پولیس نے اس کے ایک ساتھی ریحان عرف گنجا اور ایدھی ٹرسٹ میں ملازم ایک خاتون کو گرفتار کرلیا جبکہ مرکزی ملزم شاہد کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں ۔ پولیس کے مطابق چھ ماہ قبل ایدھی ہیڈ آفس میں صرف تین دن تک کام کرنےوالا ملزم ہی ڈاکوﺅں کا ساتھی نکلا، ملزم کسی اور علاقے سے نہیں بلکہ میٹھادر میں ایدھی ہیڈ آفس کی پچھلی گلی میں موجود رہ کر فون پر ملزمان کی معاونت کررہا تھا۔ ریکارڈ کے مطابق ملزموں نے واردات اتوار کی صبح 9 بجکر 35 منٹ پر شروع اور 10 بجکر 8 منٹ پر مکمل کی۔ یوں ملزم لگ بھگ 33 منٹ میں دس کروڑ روپے مالیت کی کرنسی اور سونا تین بڑے تھیلوں میں ڈال کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے نادرا اور پولیس کے کریمنل ریکارڈ آفس سے ملزموں کی شناخت کرائی جس کے بعد پولیس مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے ۔علاوہ ازیں پولیس کو ایدھی سینٹر میں کام کرنیوالی ایک خاتون پر بھی اس واردات میں ملوث ہونیکا شک ہے ، مذکورہ خاتون کی شادی بھی عبدالستار ایدھی نے ہی کروائی تھی ۔