سندھ کے گلو بٹ ایکشن میں ، پولیس سیاسی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے : فہمیدہ مرزا
کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے ناراض رہنماءذوالفقار مرزا کی اہلیہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ سندھ پولیس میں موجود گلو بٹ ایکشن میں آ گئے ہیں اور یہ سب سیاسی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ۔
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ عدالت کے باہر 200 سے 300 پولیس اہلکار موجود ہیں اور ان کے 15 گارڈز کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی اور ان کے خاوند ذوالفقار مزرا کی جان کو خطرہ ہے اور پولیس سندھ حکومت اور ان کی ڈوریاں ہلانے والوں کے احکامات پر یہ سب کر رہی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے عدالت پر حملہ کیا گیا ہے اور گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچایا گیا ہے ۔ جج خود حیران ہیں کہ یہ سب کیا ہو رہا ہے ۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے ایسی کاروائی سے روکا گیا تھا لیکن یہ کاروائی عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے اور پولیس ملک اور جمہوریت کو نقصان پہنچا رہی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے خاوند ذوالفقار مرزا خیرت سے ہیں اور ان کے ساتھ رجسٹرار آفس میں موجود ہیں ۔
یاد رہے ذوالفقار مرزا کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سندھ پولیس کی جانب سے عدالتی احکامات کو پامال کرتے ہوئے عدالت کا گھیراﺅ کیا گیا جبکہ وہاں موجود صحافیوں کو بھی بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ اس واقعے کے فوری بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے فوری نوٹس لے لیا ہے اور پولیس کو واقعہ کی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دیے ہیں ۔