کراچی کے کچھ علاقوں میں بجلی بحال کردی ہے : کے الیکٹرک
کراچی(ما نیٹرنگ ڈیسک )نیشنل گرڈ میں ٹرپنگ کے باعث شہرمیں بجلی کا طویل بریک ڈاﺅن جاری ہے تاہم ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بجلی کی بحالی کا کام جا ری ہے اور کچھ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے جبکہ بقیہ علاقوں کی بجلی کی بحالی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر قائد کو نیشنل گرڈ سے ملنے والی بجلی منقطع ہونے سے کے الیکٹرک کے تمام پیداواری یونٹس ٹرپ کر گئے اورشہر کے تمام رہائشی اور تجارتی علاقوں میں صبح 6 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ نیشنل گرڈ حکام سے رابطے میں ہے اور اپنے پیداواری سسٹم کو فعال بنا کر بحال کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔بجلی کی اچانک بندش کے باعث پانی کے بیک پریشر سے شہر کو پانی فراہم کر نے والی دھابیجی کی 72 انچ قطر لائن نمبر 5 میں سوراخ ہو گیا جس سے پانی کا اخراج شروع ہو گیا تاہم اس کی مرمت کی جارہی ہے۔ شہر میں پہلے ہی پانی کی شدید قلت ہے جبکہ حب ڈیم میں پانی نہ ہونے پیدا ہونے والے 100 ایم جی ڈی کے شارٹ فال کو بھی یہیں سے پورا کیا جا رہا ہے تھا لیکن شہر میں پانی کی کھپت کو پورا کرنے والے سب سے بڑے پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈ اﺅن سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔