ایدھی سینٹرڈاکے کا مرکزی ملزم گرفتار،فورسز کی کارروائی میں لیاری گینگ وار کے تین ملزمان ہلاک، 31 حراست میں لے لیے گئے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )پولیس نے کورنگی کے علاقے سے ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کا مرکزی ملزم گرفتار کر لیا ہے جب کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے سرچ آپریشن میں 31 مشتبہ افراد گرفتار اور تین مارے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے کورنگی کے علاقے زمان ٹاﺅن میں کارروائی کرکے ایدھی سینٹر میٹھادر میں ڈکیتی کے مرکزی ملزم مظہر عرف اکوکو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم راشد 16 سال سے ڈکیتیوں کی کئی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور کئی ماہ جیل میں بھی رہ چکا ہے، رواں برس اس نے ایدھی سینٹر کے علاوہ دیگر کئی وارداتیں بھی کی ہیں، ملزم نے مسروقہ سونے اور دیگر نقدی کے علاوہ اپنے دیگر ساتھیوں کی بھی نشاندہی کی ہے جس پر کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب ایس ایس پی سینٹرل نعمان صدیقی کے مطابق ایف سی ایریا میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران مفرور ملزموں سمیت 9 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ادھر ایس پی گلبرگ اسد چوہدری کی سربراہی میں گلبرگ ڈویژن کے مختلف تھانوں کی پولیس نے کٹی پہاڑی کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کیا اور 22 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ آپریشن میں خواتین پولیس اہلکاروں نے حصہ نہیں لیا بلکہ مرد اہلکار ہی گھروں کی تلاشی لیتے رہے۔
علاوہ ازیں لیاری چاکیواڑہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے دوران مبینہ مقابلے میں گینگ وار کے دوملزم ہلاک ہوگئے ہیں ۔ مارے جانے والے ملزمان کی شناخت سمیر اور بالاچ کے ناموں سے ہوئی جن کا تعلق عزیز بلوچ گروہ سے بتایا جاتا ہے،ملزمان رینجرز اہلکار سمیت 20 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں بھی پولیس کو مطلوب تھے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور آوان بم بھی برآمد کیا گیا ہے۔ادھر لیاری کے علاقے تغلق لین میں ایک اور پولیس مقابلے میں ہوا جس میں گینگ وار کا ملزم حنیف عرف کیلا ہلاک ہوگا۔ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک ملزم تین افراد کے قتل اور بھتہ خوری میں ملوث تھا۔