چودھری نثار نے خواجہ آصف کے خواب توڑ دئیے

چودھری نثار نے خواجہ آصف کے خواب توڑ دئیے
چودھری نثار نے خواجہ آصف کے خواب توڑ دئیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ویب ڈیسک) چوہدری نثار کی ناراضگی ختم کرنے کے حوالے سے بال اب وزیراعظم کے کورٹ میں آگئی ہے،وزیرداخلہ چاہتے ہیں کہ اسحاق ڈار اور شہباز شریف نے انہیں جو یقین دہانی کرائی ہے، اس قسم کی یقین دہانی انہیں خود وزیراعظم کرادیں اور ان کی دیگر شکایات کا ازالہ بھی کردیا جائے تو بات ختم ہوجائے گی اور پارٹی سے اختلافات کا معاملہ عوام میں نہیں لایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ انہیں جو یقین دہانی کرائی گئی ہے، اس کا مینڈیٹ ان کو وزیراعظم نے ہی دیا ہے۔ جس پر چوہدری نثار نے کسی حتمی فیصلے پر پہنچنے سے پہلے مزید سوچنے کا وقت طلب کیا ہے۔ اس وجہ سے ہی آج جمعرات کو ایک بار پھر وزیر داخلہ سے ملاقات کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کا پنجاب ہاﺅس جانا متوقع ہے۔
مسلم لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی نااہلی کی صورت میں کسی جونیئر وزیر بالخصوص چوہدری نثار کی خواہشات کے برعکس کسی رہنما کو وزارت عظمیٰ کا قلمدان نہ سونپنے سے متعلق مطالبہ تسلیم کرلیا جاتا ہے تو پھر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے وزیراعظم بننے کے امکانات معدوم ہوجا ئیں گے۔ دبئی کا اقامہ رکھنے کے حوالے سے خواجہ آصف کے اعتراف کے بعد ویسے بھی اس منصب کے لئے ان کی پوزیشن کمزور ہوئی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بھی خواجہ آصف سے تعلقات زیادہ مثالی نہیں۔ ذرائع کے بقول ممکنہ وزیراعظم کے لئے جو مختلف نام زید گردش ہیں ان میں احسن اقبال بھی شامل ہیں لیکن ان کے دبئی کے اقامہ کا معاملہ بھی سامنے آگیا ہے، لہٰذا وہ بھی اس دوڑ سے باہر ہوسکتے ہیں۔

روزنامہ امت کے مطابق بدھ کے روز پنجاب ہاﺅس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ سے طویل ملاقات کی۔ کمر کے درد کے باعث بیٹھنے میں شدید مشکل کا اظہار کرنے والے چوہدری نثار نے دو گھنٹے تک وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے شکوے بیان کئے۔ ملاقات کے ایجنڈے اور تفصیلات سے واقف مسلم لیگی ذرائع نے بتایا کہ دونون پارٹی رہنماﺅں کے درمیان اچھے ماحول میں گفتگو ہوئی۔ ان ذرائع کے مابق ملاقات کے تلخ ہونے کا امکان اس لئے بھی نہیں تھا کہ دونوں کے درمیان دیرینہ دوستی ہے اور اندرون خانہ شہباز شریف بھی وزیر داخلہ کی بہت سی شکایات سے اتفاق کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار سے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے اس یقین دہانی کا اعادہ کیا کہ پاناما کیس میں وزیراعظم کو نااہل قرار دے دیا جاتا ہے تو پھر وزیر داخلہ کی خواہش کے برعکس کسی پارٹی رہنما کو یہ قلمدان نہیں سونپا جائے گا۔ قبل ازیں اس قسم کی یقین دہانی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی چوہدری نثار کو کراچکے ہیں۔ جس کے بعد سے ہی برف پگھلنی شروع ہوگئی تھی۔ ذرائع کے مطابق لاہور دھماکے کے بعد پریس کانفرنس ملتوی کرنے کے پیچھے یہی ڈویلپمنٹ کارفرما تھی اگرچہ لاہور دھماکے کے سبب چوہدری نثار نے ایک بار پھر پریس کانفرنس ملتوی کرنے کا اعلان کیا تاہم ذرائع کے بقول اگر پریس کانفرنس ہوبھی جاتی تو چوہدری نثار کے لہجے میں وہ سختی نہیں ہونی تھی، جس کا پہلے وہ ذہن بناچکے تھے۔ 

واضح رہے کہ 23 جولائی کو چوہدری نثار کی پریس کانفرنس شیڈول تھی، جو کمر میں درد کے باعث اگلے دن کے لئے ملتوی کردی گئی تاہم 24 جولائی کو لاہور دھماکے کی وجہ سے انہیں ایک بار پھر اپنی پریس کانفرنس ملتوی کرنئی پڑی تھی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لاہور دھماکے کے بعد ان کے لئے سیاسی بات کرنا ممکن نہیں۔مسلم لیگی ذرائع نے بتایا کہ بدھ کو ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وزیراعظم کی وطن واپسی پر چوہدری نثار کی شکایات ان کے سامنے رکھی جائیں گی۔ وزیراعظم نواز شریف مالدیپ کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ آج جمعرات یا جمعہ کو ان کی واپسی متوقع ہے۔

مزید :

کراچی -