چوہدری نثار مقاصد کے حصول کیلئے سازش رچا رہے ہیں، رینجرز اختیارات کا معاملہ حل نہ ہوا تو دیگر آپشن موجود ہیں: نثار کھوڑو
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ چوہدری نثار اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے سازش کر رہے ہیں اور رینجرز اختیارات پر نواز شریف کو صوبوں سے لڑایاجا رہا ہے، وزیراعظم نے معاملہ حل نہ کیا تو دیگر آپشن موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نثار کھوڑوں نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر نواز شریف کو صوبوں سے لڑایا جا رہا ہے اور چوہدری نثار اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے سازش کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بات کسی سے چھپی نہیں کہ مشرف دور میں چوہدری نثار جیل نہیں گئے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کی قرارداد نظرانداز کر کے چوہدری نثار نے نواز شریف پر غصہ نکالا ہے اور وہ وزیراعظم کو بائی پاس کر کے وفاق کو صوبوں سے لڑا رہے ہیں۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ نیشنل الیکشن پلان 14 نکات پر مشتمل ہے لیکن اس کے صرف 4 نکات پر عمل ہو رہا ہے ، نیشنل ایکشن پلان کو نواز لیگ ایکشن پلان نہیں ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز اختیارات کا معاملہ وزیراعظم نے حل نہ کیا تو دیگر آپشن بھی موجود ہیں۔