کراچی کے حلقہ این اے258میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

کراچی کے حلقہ این اے258میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری
کراچی کے حلقہ این اے258میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری ہے ، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔ پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی ۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی سے مسلم لیگ نواز کے واحد رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ کے استعفیٰ سے خالی ہونے والے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258  میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ جاری ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی سمیت 14 امیدوار میدان میں ہیں تاہم ایم کیو ایم ،تحریک انصاف اور اہل سنت والجماعت نے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کر کے پیپلز پارٹی کیلئے میدان صاف کر دیا ہے جبکہ نواز لیگ نے الیکشن میں اپنا کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا ۔ یہ نشست نواز لیگ کے عبدالحکیم بلوچ کے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے سے خالی ہوئی تھی ۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے عبدالحکیم بلوچ میدان میں ہیں ۔ 

مزید پڑھیں:وزیر اعظم نے جنرل اشفاق ندیم کو آرمی چیف نہ بنا کر راحیل شریف کی آخری خواہش پوری نہیں کی: سمیع ابراہیم؎

ذرائع کا کہنا ہے کہ تین جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار ممتاز علی عمرانی ، تحریک انصا ف کے محمد حنیف بنگش اور اہلسنت والجماعت کے مولانا تاج محمد حنفی نے صوبائی حکومت پر دھاندلی اور ریاستی مشینری کے استعمال کا الزام لگاکر بائیکاٹ کیاہے ، جبکہ پیپلزپارٹی کے عبدالحکیم بلوچ ، متحدہ دینی محاز کے شاہ ولی اللہ ، جمعیت علمائے اسلام(ف) کے مولانا اکرم شاہ اور دیگر 8آزاد امیدوار میدان میں ہیں ،تاہم پیپلز پارٹی کے امیدوار اور سابق ایم این ایعبد الحکیم بلوچ کی نہ صرف پوزیشن انتہائی مستحکم ہے بلکہ ان کی جیت یقینی قرار دی جا رہی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حلقے میں 4لاکھ سے زائدووٹرز حق رائے دیہی استعمال کریں گے، حلقہ کے تمام پولنگ سٹیشنوں کو حساس اور انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے ، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پریزائڈنگ افسران اور رینجرز کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیئے گئے ہیں ۔

 حلقے میں سیکورٹی سخت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ، ریٹرننگ آفیسر ،پریزائیڈنگ آفیسر اور رینجرز کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات دے دیئے گئے ہیں جو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ پر فوری فیصلہ کرنے کے مجاز ہوں گے، پولنگ سٹیشنوں میں پریزائیڈنگ آفیسر کے علاوہ کسی بھی شخص کو موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ووٹ کاسٹ اور الیکشن میں تعینات عملے کیلئے اصلی شناختی کارڈ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ این اے 258میں ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ8ہزار613 ہے، جن میں 2لاکھ41ہزار792مرد اورایک لاکھ66ہزار821خواتین ووٹرز ہیں ،پولنگ کے لئے 287پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں، جن میں سے 227کو حساس اور 60کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، کل 982پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جن میں سے 501مردوں اور481خواتین کے لئے مختص ہیں ۔

الیکشن کمیشن نے مانیٹرنگ کیلئے 10  ٹیمیں بنائی ہیں جن کی سربراہی ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کرینگے،عوامی شکایت کے لئے صوبائی الیکشن کمشنر آفس میں ایک شکایتی سیل بھی قائم کیا گیا۔

پولنگ صبح 8بجے سے شام 5بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا۔واضح رہے کہ این اے 258کی نشست عبدالحکیم بلوچ کے ن لیگ اور اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوکر پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی ۔