” الطاف حسین کو کہا ہے کہ وہ فی الحال خود کو ایم کیو ایم سے الگ رکھیں“ فاروق ستار کی گفتگو نے کئی سوالوں کو جنم دیدیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے قائد ایم کیو ایم سے مکمل لاتعلقی کے اعلان پراس وقت سوالیہ نشان لگ گیا جب فاروق ستار کے منہ سے یہ نکل گیا کہ ہم نے الطاف حسین کو کہا ہے کہ وہ فی الحال ایم کیو ایم کے معاملات سے دور رہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ” محاذ“ کے میزبان وجاہت سے گفتگو کے دوران فاروق ستار نے ایک سوال کے جواب پر کہا کہ ہم نے الطاف حسین سے کہا ہے کہ وہ فی الحال خود کو ایم کیو ایم سے الگ کر لیں ۔ اگلے لمحے ہی ان کو جب غلطی کا احساس ہوا تو انہوں نے کہا کہ ہم نے ان کو کہا ہے کہ ان معاملات سے خود کو ہمیشہ کیلئے الگ کر لیں۔فاروق ستار کی اس گفتگو نے پہلے سے پھیلی ہوئی خبروں کو مزید ہوا دیدی کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان روابط ہیں اور الطاف حسین کو وقتی طور پر الگ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماوں اور لندن رابطہ کمیٹی کے رہنماوں میں واٹس اپ پر رابطوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔