ایم کیو ایم کے دفاتر گرانے کا حکم میں نے دیا رینجرز نے نہیں،حالات سے بے خبر رانا ثنا اللہ کی غلط فہمی دور کرنے کیلئے تیار ہوں: مراد شاہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے دفاتر گرا نے کا حکم میں نے دیا ہے اس میں رینجرز کو کوئی کردار نہیں ہے۔ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو کوئی غلط فہمی ہے تو میں دور کر دینے کو تیار ہوں۔ ایم کیو ایم ملک دشمنی میں ملوث ہے تو پابندی لگنی چاہئے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے دفاتر کی بہت بڑی تعداد سرکاری زمینوں پر بنائی گئی ہے ۔ ان کو گرایا جا رہا ہے۔ ان کو گرانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے جو دفاتر قانونی طور پر بنے ہیں ان کو نہیں گرایا جائے گا۔ غیر قانونی دفاتر کو گرانے کا حکم میں نے دیا تھا۔ایک سوال کے جواب میں مراد شاہ نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کراچی کے حالات سے با خبر نہیں اگر وہ باخبر ہوتے تو ایسا بیان نہ دیتے۔جہاں تک ان کے اس بیان کا تعلق ہے کہ رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے دفاتر کو گرانا ٹھیک نہیں تو میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ یہ دفاتر رینجرز نہیں گرا رہی ان کو گرانے کا حکم میں نے دیا ہے۔ واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کی ایم کیو ایم کے دفاتر کو رینجرز کی جانب سے گرانا اچھا قدم نہیں۔