عوام کو کھلاڑیوں اور پٹواریوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ،کراچی کے عوام تیر کے نام پر ٹھپہ لگائیں گے:شریں رحمان
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پار ٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ اپنے کارکنوں اور عوام کو کھلاڑیوں اور پٹواریوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔ عوام ہی پیپلز پارٹی کی اصل طاقت ہیں۔ تمام تر سازشوں اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود شہید بھٹو اور شہید بی بی کی محبت عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا ہے۔ سندھ میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں تاریخی کامیابی کے بعد کراچی کے عوام بھی 5 دسمبر کو تیر کے نام پر ٹھپہ لگائیں گے اور ثابت کردیں گے کہ فیصلہ ضمیر کا اور ووٹ بے نظیر کا۔ پیپلز پارٹی یوم تاسیس کے حوالے سے میمن گوٹھ ملیر میں تاریخی عوامی جلسہ منعقد کرے گی جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول ہاﺅس چورنگی سے اسپارکو چورنگی تک نکالی جانے والی عوامی ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں مردوں، خواتین، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کا قافلہ سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل تھا۔ ریلی کے شرکاءکا بلاول چورنگی، بلدیہ ٹاﺅن، مواچھ گوٹھ اور دیگر علاقوں میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ریلی کے شرکاءنے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اور قائدین کی تصاویر اٹھا رکھی تھی اور وہ پیپلز پارٹی کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے۔ ریلی میں پیپلز پارٹی کے اخونزادہ چٹان، فیصل کریم کنڈی اور دیگر رہنماءبھی موجود تھے۔ شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی مخالفت کی ہے۔ ہماری جدوجہد جنونیت اور مذہبی انتہا پسندی کے خلاف ہے۔ جیالوں نے کبھی سر نہیں جھکایا ہے اور نہ کبھی جھکائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر تنقید کی جاتی ہے کہ اب پیپلز پارٹی محدود ہوگئی ہے۔ تنقید کرنے والے یہ سمجھ لیں کہ بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔ جلد پیپلز پارٹی بھرپور طریقے سے عوامی رابطہ مہم شروع کرے گی اور ہم اپنے مخالفین کو بتادیں گے کہ ملک کی قومی اور عوامی جماعت صرف پیپلز پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا لیڈر کوئی اور نہیں صرف بلاول بھٹو زرداری ہےں۔ نوجوان طبقے کو بلاول بھٹو زرداری سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سیاست کا محور بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔