خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ نہیں کرسکتے:رہنماتحریک انصاف

خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ نہیں کرسکتے:رہنماتحریک انصاف
خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ نہیں کرسکتے:رہنماتحریک انصاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ نہیں کرسکتی، بلدیاتی انتخابات میں عام انتخابات کے مقابلے میں زیادہ ووٹ ملیں گے، ووٹر تبدیلی کیلئے ووٹ ڈالے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
 پروگرام میں مسلم لیگ ن کے رہنما اقبال ظفر جھگڑا،جماعت اسلامی کے رہنما صاحبزادہ طارق اللہ ،اے این پی کے رہنما حاجی محمد عدیل اور تجزیہ کار مشرف زیدی بھی شریک تھے۔اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا نیا بلدیاتی نظام بہت مشکل نظام ہے،صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ہارس ٹریڈنگ کا خدشہ ختم کردیا گیا ہے،حاجی محمد عدیل نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں بہتر حالات کا کریڈٹ فوج کو جاتا ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما اقبال ظفر جھگڑانے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کا نیا بلدیاتی نظام بہت مشکل نظام ہے، مسلم لیگ ن نے اپنے امیدواروں کو مقامی سطح پر اتحاد کی اجازت دیدی ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا کام قانون سازی ہے،مقامی حکومتوں میں عوامی نمائندے عوام کے کام کوآ سان بناتے ہیں، اسی بنیاد پر ووٹ پڑے گا کہ کون عوام کے کام کرے گا۔
جماعت اسلامی کے رہنما صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نئے بلدیاتی نظام میں ہارس ٹریڈنگ کا خدشہ ختم کردیا گیا ہے، جماعت اسلامی عمومی طور پر تنہا ان انتخابات میں حصہ لے رہی ہے لیکن بعض جگہوں پر کچھ اتحاد بھی کیے گئے ہیں، مالاکنڈ ڈویڑن، اپر دیر، لوئر دیر اور سوات میں جماعت اسلامی کے زیادہ ناظم منتخب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات تمام صوبوں میں ہونے چاہئیں،ناظم تک لوگوں کی رسائی آسان ہوتی تھی، ووٹر اپنی آسانی کیلئے ووٹ ڈالے گا۔اے این پی کے رہنما حاجی محمد عدیل نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نیا پاکستان تو نہیں بنا لیکن نیا بلدیاتی نظام آگیا ہے، نئے نظام میں ہر شخص کو سات ووٹ دینا ہوں گے جس کی وجہ سے لوگ کنفیوڑ ہوں گے، الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو لوٹے جیسے مضحکہ خیز انتخابی نشانات دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سپریم کورٹ کی ہدایت پر ہورہے ہیں، اگر عمران خان بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ ہوتے تو پہلے سال ہی کرادیتے، خیبرپختونخوامیں بہتر حالات کا کریڈٹ فوج کو جاتا ہے، صوبائی حکومت کے ریکارڈ میں تو سانحہ آرمی پبلک اسکول ہے، مردان، چارسدہ، پشاور، مالاکنڈ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور ہزارہ کے کچھ علاقوں میں اے این پی، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) کا اتحادکامیاب ہوگا۔
حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں صاف ستھرے امیدواروں کو ووٹ ملیں گے، ووٹر اپنی جماعت اور رشتہ داری کی وجہ سے بھی ووٹ ڈالیں گے۔تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ نہیں کرسکتی، عوام کا حق عوام کو دینے کا اعزاز عمران خان کو ملا ہے، خیبرپختونخوا حکومت نے بلدیاتی انتخابات کا وعدہ پورا کردیا ہے، تحریک انصاف کو بلدیاتی انتخابات میں عام انتخابات کے مقابلے میں زیادہ ووٹ ملیں گے، سپریم کورٹ کے حکم پر خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہمارے لئے فخر کی بات ہے، سپریم کورٹ نے چاروں صوبوں کو بلدیاتی انتخابات کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لوٹ کھسوٹ سے نجات چاہتا ہے، ووٹر تبدیلی کیلئے ووٹ ڈالے گا، چالیس پچاس سال سے حکومتیں کرنے والوں کے پاس صرف نعرے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں پارٹی منشور اور مقامی امیدوار کی شخصیت کی وجہ سے ووٹ پڑے گا۔سینئر تجزیہ کار مشرف زیدی نے کہا کہ پاکستان کی قومی آمدنی کا صرف دو فیصد حصہ تعلیم پر خرچ کیا جارہا ہے، قومی آمدنی کا کم از کم چار فیصد تعلیم پر خرچ کرنا ہوگا، اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومتوں نے تعلیمی اخراجات میں خاطرخواہ اضافہ کیا ہے، صوبے اپنے بجٹ کا اوسطاً پچیس فیصد تعلیم پر خرچ کررہے ہیں، تعلیمی شعبے میں پرائیویٹ سیکٹر نے بہت تیزی سے ترقی کی ہے، سیاسی جماعتوں نے اپنے منشور میں جی ڈی پی کا بڑا حصہ تعلیم کیلئے مختص کرنے کا کہتی ہیں لیکن بجٹ میں اس کیلئے زور نہیں دیتیں۔

مزید :

کراچی -