عمران خان اور خیبر پختونخواہ حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی : آصف علی زرداری
کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگا دیا ہے ۔
میڈیا کو جاری بیان میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور صوبائی حکومت نے خیبر پختونخواہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے سابق وزیر لیاقت شباب کو انتخابات سے 2 روز قبل گرفتار کر لیا گیا تھا ۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ان کے سابق وزیر کو انتخابات سے قبل گرفتار کرنا قبل از الیکشن دھاندلی کے مترادف ہے ۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بلدیاتی انتخابات میں خیبرپختونخواہ حکومت نے دھاندلی کی سرپرستی کی ہے اس لیے الیکشن کمیشن کو چاہیئے کہ وہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کے خلاف دھاندلی کرنے پر نوٹس لیں اور ان کے خلاف کاروائی کریں ۔