کوہاٹ کیلئے گیس، ہسپتال اور موٹروے سمیت متعدد منصوبوں کا اعلان، اپوزیشن کو غم ہے کہ ترقی کا سفر جاری رہا تو 2018ءمیں ان کی سیاست ختم ہو جائے گی: وزیراعظم
کوہاٹ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کوہاٹ کیلئے متعدد منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی کے تبدیلی ہم لے کر آ رہے ہیں، اگر یہاں کوئی تسلی بخش کام ہوا ہوتا تو اتنی بڑی تعداد میں لوگ جلسے میں نہ آتے۔ مخالفین کو غم ہے کہ اگر ترقی کا سفر جاری رہا تو 2018ءتک ان کی سیاست ختم ہو جائے گیا۔ ہم باتیں نہیں کرتے، کام کر کے دکھاتے ہیں اور نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے اسے پورا بھی کرتا ہے۔ ملک میں دہشت گردی جاری تھی جس کے خاتمے پر پاک فوج کو مبارکباد دیتا ہوں۔
سپریم کورٹ نے پانامہ لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کیلئے لارجر بنچ تشکیل دیدیا
وزیراعظم نواز شریف نے گیس منصوبے کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3.9 ارب روپے سے کوہاٹ میں سوئی گیس آ رہی ہے۔ انہوں نے کوہاٹ میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال، خواتین کیلئے کوہاٹ یونیورسٹی کے ویمن کیمپس اور کوہاٹ کے لوگوں کیلئے مفت علاج کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کوہاٹ، جیڈ، پنڈی گیٹ کو موٹروے ہائی وے سے ملانے کے منصوبے، راولپنڈی سے کوہاٹ تک ریل کار سروس شروع کرنے کے علاوہ ضلع کونسل کوہاٹ کیلئے 20 اور تحصیل کونسل کوہاٹ کیلئے 10 کروڑ روپے کا اعلان بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوہاٹ کے عوام کیلئے 4 ارب روپے تو کیا جان بھی نچھاور کرنے کیلئے تیار ہوں۔ یہاں کے غریب لوگوں کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانے اور غریب لوگوں کیلئے مفت علاج کا منصوبہ لا رہے ہیں۔ اب کسی کو اسلام آباد، پنڈی، لاہور، پشاور علاج کیلئے نہیں جانا پڑے اور نہ ہی غریبوں کو علاج کیلئے اپنے مکان اور جائیدادیں بیچنا پڑیں گی۔ انہوں نے کوہاٹ، جیڈ، پنڈی گیٹ کو موٹروے ہائی وے کیساتھ ملانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے باعث کوہاٹ کے لوگ اسلام آباد کے بہت قریب آ جائیں گے۔
راولپنڈی ،اسلام آباد سیل،ہر طرف نفری، شیخ رشید گھر سے غائب، عمرا ن خان تقریبا نظر بند
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب اقتدار سنبھالا تو 18,18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی تھی لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کوششوں کے باعث 2018ءمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین نے خیبرپختونخواہ میں کچھ نہیں کیا اور اگر کوئی تسلی بخش کام ہوا ہوتا تو آج اتنی بڑی تعداد میں لوگ یہاں نہ آتے۔ پاکستان میں سڑکیں، موٹرویز اور ہائی ویز بن رہی ہیں اور اپوزیشن کو یہ غم ہے کہ اگر ترقی جاری رہی تو 2018ءتک ان کی سیاست ختم ہو جائے گی اور کے پی کے میں بھی 2018ءمیں مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب یہ تمام ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں گے تو پھر کوہاٹ آﺅں گا۔ میں کوہاٹ والوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ آج یہاں سوئی گیس آ گئی، موٹروے بھی آ گئی، ہسپتال بھی آ گیا اور اب کوہاٹ ترقی کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ ان منصوبوں کے باعث یہاں غربت کا خاتمہ ہو گا اور یہاں کے نوجوان خوشحالی سے ہمکنار ہوں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ 2013ءمیں جب اقتدار میں آئے تو دہشت گردی پھیلی ہوئی تھی لیکن آج دہشت گردی کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے پر پاک فوج اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔