ہائی کورٹ :سابق ہوم سیکرٹری اعجاز شاہ کے بھائی کے گھر سے 2کمسن بہن بھائی بازیاب ، والدین کے حوالے
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے سابق ہوم سیکرٹری پنجاب بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کے بھائی نواز شاہ کے گھر سے دو کمسن بہن بھائیوں کو بازیاب کراکے ماں باپ کے حوالے کر دیا ۔مسٹر جسٹس طارق عباسی نے یہ کارروائی ننکانہ صاحب کے رہائشی حنیف کی درخواست پر کی ، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھاکہ سابق ہوم سیکرٹری پنجاب بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کے بھائی نواز شاہ نے اس کے دوبچوں 10سالہ وقاص اور 12سالہ آسیہ کو ملازمت پر رکھا مگر کئی ماہ گزرنے کے باوجود بچوں کی تنخواہ ادا کی جا رہی ہے اور نہ ہی انہیں والدین سے ملنے دیا جا رہا ہے ،بچوں کو نواز شاہ کی ناجائز حراست سے بازیاب کرا کے والدین کے حوالے کیا جائے، گلبرگ پولیس نے دونوں بچوں کو نواز شاہ کی رہائش گاہ سے بازیاب کرا کر عدالت میں پیش کیا ، بچوں نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا کہ وہ والدین
کے ساتھ جانا چاہتے ہیں جس پر عدالت نے دونوں بہن بھائیوںکو والدین کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔