ہائی کورٹ :یو ایچ ایس کے پوسٹ گریجوایٹ امتحانات کے خلاف حکم امتناعی جاری نہ ہوسکا،جسٹس اقبال کی کیس کی سماعت سے معذرت

ہائی کورٹ :یو ایچ ایس کے پوسٹ گریجوایٹ امتحانات کے خلاف حکم امتناعی جاری نہ ...
ہائی کورٹ :یو ایچ ایس کے پوسٹ گریجوایٹ امتحانات کے خلاف حکم امتناعی جاری نہ ہوسکا،جسٹس اقبال کی کیس کی سماعت سے معذرت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس محمد اقبال نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہورکے زیر انتظام 4 ستمبر کو ہونے والے پوسٹ گریجوایٹ امتحانات رکوانے کے لئے دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی۔درخواست گزاروں کے وکیل نوشاب اے خان نے موقف اختیار کیاتھا کہ 4 ستمبر کو ایم ڈی اور ایم ایس کے امتحانات کا شیڈول جاری ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ طالب علموں نے طے شدہ پرانے سلیبس کے مطابق ایم ڈی اور ایم ایس کی کلاسوں میں داخلے لئے اور اپنے امتحانات کی تیاری کی۔یونیورسٹی کی جانب سے طالب علموںکے امتحانات پرانے سلیبس کی بجائے ترمیم شدہ نئے سلیبس کے تحت لئے جا رہے ہیں جو کہ بنیادی حقوق اور قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اگر طالب علموںکے امتحانات پرانے سلیبس کے مطابق نہ لئے گئے تو ان کا مستقبل داو پر لگ جائے گا لہذا عدالت چار ستمبر کو ہونے والے امتحانات روکنے کے احکامات صادر کرئے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں دوسرے بنچزمیں زیر سماعت ہیںجس پر عدالت نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام 4 ستمبر کو ہونے والے پوسٹ گریجوایٹ امتحانات رکوانے کے لئے دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی،عدالت نے درخواست چیف جسٹس کو واپس بھجواتے ہوئے تمام مقدمات ایک ہی عدالت میں سماعت کے لئے بھجوانے کی سفارش کر دی. عدالت عالیہ کے دوسرے بنچوں نے دیگر درخواستوں پر رجسٹرار یوایچ ایس کو پہلے ہی نوٹس جاری کرکے جواب طلب کررکھا ہے ۔مسٹرجسٹس محمداقبال کی طرف سے کیس کی سماعت سے معذرت کے باعث مذکورہ امتحانات کے خلاف عبوری حکم امتناعی کی کارروائی بھی نہیں ہوسکی

مزید :

لاہور -