سپریم کورٹ :امام مسجد کا ڈرامہ ناکام ، ضمانت خارج ہونے پر پولیس نے گرفتار کرلیا

سپریم کورٹ :امام مسجد کا ڈرامہ ناکام ، ضمانت خارج ہونے پر پولیس نے گرفتار ...
سپریم کورٹ :امام مسجد کا ڈرامہ ناکام ، ضمانت خارج ہونے پر پولیس نے گرفتار کرلیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی )سپریم کورٹ نے دہشت گردی کے مقدمہ میں ملوث امام مسجد کی طرف سے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اس کی درخواست ضمانت خارج کرد ی ،ٹریفک حادثہ میں زخمی ہونے اورایمبولینس پر آنے کا"ڈرامہ "بھی ملزم امام مسجد اشرف شاکر کے کام نہیں آیا اور شاہدرہ پولیس اسے گرفتار کرلیا۔

سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میںمسٹرجسٹس میاں ثاقب نثار اور مسٹر جسٹس اعجاز احمد چودھری پر مشتمل دو رکنی بنچ نے امام مسجد مولوی اشرف شاکرکی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت شروع کی تو ملزم کے وکیل عارف عوان نے موقف اختیار کیا کہ ان کا مﺅ کل عبوری ضمانت کی درخواست کی پیروی کے لئے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتا کیونکہ وہ ٹریفک حادثے میں زخمی ہوکرمیوہسپتال کے ایمرجنسی وارڈمیں داخل ہے، شاہدرہ پولیس نے 2013ءمیں اشتعال انگیز تقرریں اورپولیس پارٹی پر حملہ کرنے کے الزام میں درخواست گزار کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا ،ملزم کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کی جائے ، ایڈیشنل پراسکیوٹرجنرل مظہرشیر اعوان نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ میں بھی ملزم نے ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کا بہانہ بنایا تھا مگر ہسپتال کی رسیدیں سامنے آنے پر پتہ چلا کہ ملزم نے جھوٹ بولا، اس پر بنچ نے ملزم کے وکیل کا موقف مسترد کرتے ہوئے اسے وقفے کے بعد عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی، عدالت نے میو ہسپتال کے کسی ذمہ دار افسر کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کی ۔
عدالتی وقفے کے بعد ملزم کو ایمبولنس میں پیش کیا گیا ، ایڈیشنل ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر طاہر خلیل نے بنچ کو بتایا کہ اشرف شاکر ٹریفک حادثے کی وجہ سے معمولی چوٹ آئی جس کا علاج کر دیا گیا تھا، بعد میں پتہ نہیں یہ مریض کہا ں چلا گیا اور چار اگست کی تاریخ میں یہ مریض ریکارڈ کے مطابق میو ہسپتال کی ایمرجنسی میں نہیں ہے، ایڈیشنل پراسکیوٹر نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ملزم گنہگار پایا گیا ہے، فاضل بنچ نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی جس کے بعد شاہدرہ پولیس نے سپریم کورٹ لاہوررجسٹری کے باہر ایمبولنس میں لائے گئے ملزم امام مسجد کو گرفتار کر لیا۔

مزید :

لاہور -