این اے 122میں خواتین کے پولنگ سٹیشن پر دھاندلی کا الزام غلط ہے :خواجہ سعد رفیق
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 122میں خواتین کے پولنگ سٹیشن پر دھاندلی کا الزام غلط ہے اور اس حلقے میں ہمارے ووٹوں سے پی ٹی آئی کے نوٹوں کامقابلہ ہے۔عمران خان کو اب بچوں والی باتیں چھوڑ کر بڑا ہو جا نا چاہیے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ایمپائر صرف عوام ہیں ۔عمران خان اپنے ایمپائر تبدیل کرتے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چھ ارکان اسٹے پر ہیں اگر ہم عدالت جائیں تو اعتراض کرتے ہیں ۔اگر عدالتوں سے ن لیگ کو ریلیف مل جائے تو اس پر عمران خان پریشان ہوئے ۔سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کے ٹیکس کے بارے میں بھی غلط حقائق بیان کیے ۔نواز شریف نے 42لاکھ روپے ٹیکس دیا ہے ،عمران خان تین سو کینال کے گھر میں رہتے ہیں ،وہ عوام کو بتائیں کہ خود کتنا ٹیکس ادا کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ میاں محمد نواز شریف امریکہ جانے کے لیے 12سیٹر جہاز کا استعمال کرنا چاہتے تھے لیکن تکنیکی ماہرین نے 12سیٹر جہاز کے اتنے لمبے سفرپرخدشات کا اظہار کیا۔نواز شریف کے ساتھ امریکہ میں جانے والے وفد کی تعداد بھی زیادہ تھی جس کی وجہ سے بڑے طیارے پر جانا پڑا ۔عمران خان بتا دیں کہ کیا وزیر اعظم امریکہ کے دورے پر سکوٹر یا رکشے پر جاتے ؟۔اب عمران خان بڑے ہو جائیں اور اس طرح کی بچوں والی باتیں بند کردیں ۔