پنجاب میں مضر صحت گوشت بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن ،35افراد گرفتار ،سینکڑوں من گوشت تلف
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں مضر صحت گوشت کے خلاف مہم جاری ہے جس کے تحت لاہور، سرگودھااور فیصل آباد سے 78 من خراب گوشت پکڑا کر 35افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ لاہور میں یرقان زدہ جانوروں کا گوشت شہریوں کو کھلانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیوسٹاک نے گرین ٹاو¿ ن کے علاقے چھاپہ مار کر مردہ جانوروں کا گوشت بیچنے پر کئی من گوشت برآمد کر کے چار افراد کوگرفتار کیا ۔ کاہنہ اور لیاقت آباد سمیت متعدد علاقوں میں چھاپوں کے دوران مزید 8 من سے زائد مضرِ صحت گوشت برآمد کر کے10 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
سرگودھا میں اندرونِ شہر،نیو سیٹلائٹ ، کوٹ فرید روڈ پر 50 من سے زیادہ مضرِ صحت گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا گیااور دو قصاب گرفتار کر لئے گئے ۔
فیصل آباد میں جھمرہ روڈ پر چھاپوں کے دوران 800 کلو مضرِ صحت گوشت پکڑا کر 10 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ گوجرانوالہ کے علاقے سول لائن،اروپ،جناح روڈ اور عالم چوک سمیت مختلف علاقوں میں گوشت کی دکانوں پر چھاپے مارے گئے جس دوران 10من مضر صحت گوشت پکڑاگیاجبکہ 3 قصابوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ سکھر میں ڈپٹی کمشنر نے پرانے سکھر کے مذبح خانے میں کارروائی کی اور 10 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیااور 10 من غیر معیاری گوشت بر آمد کرکے تلف کردیا گیا۔