ترکی روانہ ہونے سے قبل شہباز شریف کی جنرل (ر) راحیل شریف سے ملاقات کا انکشاف

ترکی روانہ ہونے سے قبل شہباز شریف کی جنرل (ر) راحیل شریف سے ملاقات کا انکشاف
ترکی روانہ ہونے سے قبل شہباز شریف کی جنرل (ر) راحیل شریف سے ملاقات کا انکشاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ویب ڈیسک) معلوم ہوا ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف نے ترکی کیلئے روانہ ہونے سے قبل سابق آرمی چیف راحیل شریف سے ملاقات کی اور کچھ وقت ان کے ساتھ گزارا۔ انہوں نے جنرل (ر) راحیل شریف کو تفصیل سے بتایا کہ وہ چیکنگ کی غرض سے لندن جا رہے ہیں اور جاتے ہوئے ترکی ٹھہریں گے۔

روزنامہ خبریں کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے جنرل (ر) راحیل شریف کی خدمات کو سراہا۔ واضح رہے کہ سابق آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ سے 5-6 ماہ قبل بھی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے متعدد مرتبہ ان سے ملاقاتیں کی تھیں جس پر میڈیا میں ہلچل مچ گئی تھی اور ان دنوں یہ خبر بھی مشہور ہوئی تھیں کہ میاں شہباز شریف نے انہیں یہ پیشکش بھی پہنچائی تھی کہ وہ چاہیں تو ان کی مدت ملازمت میں توسیع دی جا سکتی ہے لیکن اگر وہ ایسا نہ چاہیں تو افواج پاکستان کے سپہ سالار اور چند دیگر اہم عہدوں کی مدت ملازمت ہی میں بذریعہ پارلیمنٹ ایک سال کا اضافہ کیا جا سکتا ہے جس سے وہ توسیع لیے بغیر مزید ایک سال تک آرمی چیف رہ سکیں گے۔ تاہم سابق آرمی چیف نے جواب دیا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ کو ترجیح دینگے اور توسیع کی بنیاد پر مزید ایک سال خدمات انجام دینے پر رضامند نہیں۔ پنجاب کے سربراہ میاں شہباز شریف جو وزیرعظم پاکستان کے چھوٹے بھائی، متعمد اور مشیر ہیں نے کئی بار وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی کے ساتھ اور ایک بار کسی پروٹوکول کے بغیر تنہا سابق آرمی چیف کی لاہور میں واقع سرکاری رہائشگاہ پر ان سے تفصیلی ملاقات بھی کی تھی۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جنرل (ر) راحیل شریف کی میاں شہباز شریف سے تازہ ترین ملاقات جو دو روز قبل ہوئی انتہائی خوشگوار ماحول میں مکمل ہوئی جس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ ان کا حالیہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ان کی مرضی اور خواہش کے مطابق انجام دیا گیا تھا۔ 

مزید :

لاہور -